لاہور ( پبلک نیوز) پاکستان ریلویز کی تاریخ میں پہلی بار عید الضحیٰ کے موقع پر عید اسپیشل ٹرینیں نہ چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ترجمان ریلوے کے مطابق ملک بھر میں ٹرین ایگزامنر کی جانب سے روزانہ ہر ایکسپریس ٹرین کی بوگیوں کو ٹیکنکل بنیاد پر کلئیرنس نہ دینے کی وجہ سے ہر ٹرین میں بوگیوں کی شارٹیج ہے۔ لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد لاہور کے درمیان چلنے والی تمام ریل کاروں میں بکنگ مکمل ہوچکی ہے۔ ریلوے ترجمان کے مطابق عید کے موقع پر کراچی اور لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں سے چلنے والی اپ اینڈ ڈاﺅن کی ایکسپریس ٹرینوں کی بکنگ بھی مکمل ہو چکی ہے۔ ایکسپریس ٹرینوں کی بکنگ مکمل ہوچکی ہے جن میں گرین لائن، خیبرمیل، تیزگام، علامہ اقبال ایکسپریس، ہزارہ ایکسپریس، عوام ایکسپریس، قراقرم ایکسپریس، بزنس ایکسپریس، شاہ حسین ایکسپریس، ملت ایکسپریس اور بہاﺅالدین ایکسپریس شامل ہیں۔ عید کے لیے معمول کی ٹرینوں کے ساتھ دو، دو اضافی کوچز لگانے کی تجویز زیر غورہے۔ ملت ایکسپریس حادثہ کی وجہ سے بھی محکمہ ریلوے کو بوگیوں کی کمی کا سامنا ہے۔ ملت ایکسپریس حادثہ کے بعد ٹرین ایگزامنرز نے ناکارہ اور بوسیدہ بوگیوں کو کلئیرنس جاری کرنا بند کر دی۔ ملت ایکپریس حادثے میں ایک ٹرین ایگزامنر کو معطل کیا جا چکا ہے۔ دوسری جانب ترجمان ریلوے کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے کہ پاکستان ریلوے کے تمام ریزرویشن دفاتر عید الاضحیٰ کے روز مورخہ 21جولائی 2021 بروز بدھ سارا دن بند رہیں گے۔ 22 جولائی 2021 کو بھی صبح 8 بجے سے لے کر دوپہر 2 بجے تک بند رہیں گے۔ عید کی چھٹیوں کے بعد تمام ریزرویشن دفاتر اپنے معمول کے اوقات کار کے مطابق کام کریں گے۔