گال ٹیسٹ: سری لنکا کا ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

گال ٹیسٹ: سری لنکا کا ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ
سری لنکا اور پاکستان کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ سری لنکا نے پاتھم نسانکا کے ساتھ دو تبدیلیاں کی ہیں اور متاثر کن کامندو مینڈس نے اوشادا فرنینڈو اور دھننجایا ڈی سلوا کے لیے راستہ بنایا ہے۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ 16 سے 20 جولائی تک گال جبکہ دوسرا ٹیسٹ 24 سے 28 جولائی تک کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان ٹیم کو مایہ ناز بیٹر بابر اعظم لیڈ کر رہے ہیں جبکہ سری لنکا کی ٹیم دیمتھ کرونا رتنے کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان آج شروع ہونے والے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کے کھلاڑی سلمان علی آغا ڈیبیو کر رہے ہیں۔ سلمان علی آغا نے سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف سے ٹیسٹ کیپ حاصل کی، کرکٹر کو مڈل آرڈر بیٹر فواد عالم کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ محمد یوسف بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے ٹیم مینجمنٹ میں شامل ہیں۔ واضح رہے پاکستان نے آخری بار 2015ء میں مصباح الحق کی قیادت میں سری لنکا کا دورہ کیا تھا اور تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کی تھی۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے میچ میں کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں جس کی وجہ سے کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔ پاکستانی ٹیسٹ ٹیم میں عبداللہ شفیق، امام الحق، اظہر علی، بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان، آغا سلمان، محمد نواز، یاسر شاہ، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ شامل ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ سری لنکا ہوم کنڈیشنز میں مضبوط ٹیم ہوتی ہے، سیریز میں اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے۔ جمعہ کو گال میں پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز کے لئے اچھی تیاری ہے، سیریز میں اچھا پرفارم کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے گال کا سٹیڈیم بہت پسند ہے۔ سری لنکا ٹیم ہوم کنڈیشنز میں بہت ٹف ثابت ہوتی ہے، ہم کافی عرصے کے بعد یہاں کھیلنے آئے ہیں، ہم نے مکمل تیاری کی ہے، پریکٹس میچ میں بھی ہمیں کسی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ گال کی پچ سپنرز کے لئے بہت مددگار ثابت ہوتی ہے، سری لنکن سپنرز بہت اچھے ہیں، ہم نے اسی لحاظ سے تیاری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یاسر شاہ ٹیم میں واپسی کر رہے ہیں، انہوں نے بہت محنت کی ہے، وہ مخالف ٹیم کو ٹف ٹائم دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہاں کوئی مشکل پیش نہیں آئی، ہمارا بہت اچھا خیال رکھا گیا ہے۔ سری لنکن عوام کرکٹ سے محبت کرتے ہیں، آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں لوگوں کا بہت جوش دیکھا، ہمیں امید ہے شائقین سٹیڈیم میں آئیں گے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔