ضمنی انتخابات میں دھاندلی کامنصوبہ بن رہا ہے

ضمنی انتخابات میں دھاندلی کامنصوبہ بن رہا ہے
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سارے ادارے جنہوں نے رول آف لا کو بچانا ہے، وہ خطرے میں ہیں۔ ضمنی انتخابات میں دھاندلی کامنصوبہ بن رہا ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ بدقسمتی سے بھارت فاشسٹ حکومت تھی، اس لئے ہمیں تعلقات توڑنے پڑے۔ میں کسی بھی ملک سے اچھے تعلقات کا خواہاں ہوں۔ اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ آج ہم نے جب قیمت بڑھائی تو بھارت نے تیل کی قیمت کو کم کیا۔ بھارت 40 فیصد کم قیمت پر روس سے تیل خرید رہا ہے۔ پاک امریکہ تعلقات پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امریکیوں کو جانتا ہوں، جتنا ان کے سامنے جھکیں گے وہ جوتے ماریں گے۔ امریکی سفارت کاروں کا ہمارے اراکین سے ملاقات کرنے کا کیا کام تھا؟ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کسانوں کے پاس پیسہ پچھلے دو سال میں زیادہ آیا۔ 30 سال میں ہماری معاشی پالیسی سب سے بہتر تھی۔ کورونا میں پریشر برداشت کرکے لاک ڈاؤن نہیں کیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم جب آئے ملک کا دیوالیہ نکلا۔ دوست ممالک مدد نہ کرتے تو ہم تباہ ہو جاتے۔ پھر کورونا آگیا۔ وہ بھی مشکل سال تھا جس سے ملکی معیشت شدید متاثر ہوئی۔ اپنے خلاف مبینہ سازش پر بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کہا گیا کہ اگر مجھے ہٹا دیا تو پاکستان کو معاف کر دیا جائے گا۔ پھر کہا گیا کہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو پاکستان کو مشکلات کا سامنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی سفیر کو کہا گیا کہ عمران خان روس کیوں گیا، امریکا ناراض ہے۔ مجھے کہا گیا کہ عدم اعتماد آئینی طور پر قبول کر لینی چاہیے تھی۔ پاکستان کے خلاف سازش ہوئی اورعمران خان کو ہٹانے کی بات ہوئی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔