این اے 240 ضمنی انتخاب میں سیاسی جماعتوں کے درمیان مسلح تصادم

این اے 240 ضمنی انتخاب میں سیاسی جماعتوں کے درمیان مسلح تصادم
کراچی : این اے 240 میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے دوران سیاسی جماعتوں میں تصادم سے حالات کشیدہ ہوگئے۔1 شخص جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق لانڈھی نمبر 6 میں دوسیاسی جماعتوں میں تصادم کا واقعہ پیش آیا،اس کے علاوہ مختلف مقامات پر فائرنگ کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں ۔ پولنگ کے دوران گورنمنٹ بوائزپرائمری اسکول انصاری محلہ یوسی 2 لانڈھی میں دو سیاسی جماعتوں میں تصادم ہوا، سیاسی جماعت کے کارکنوں کو منتشر کرنےکے لیے پولیس نے لاٹھی چارج کیا، جھگڑےکے باعث متعدد سیاسی کارکن زخمی ہوگئے۔

جناح‌اسپتال انتظامیہ:‌ جناح اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 4 زخمی لائے گئے تھے جن میں سے ایک زخمی دوران علاج دم توڑ گیا، جاں بحق شخص کی شناخت 60 سال کے سیف اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔

ضمنی انتخاب کے دوران پی ایس پی کے رہنما انیس قائم خانی کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے،فائرنگ کے وقت انیس قائم خانی گاڑی میں موجود نہیں تھے۔ انیس قائم خانی کی گاڑی کے ساتھ چلنے والی پولیس موبائل پر بھی گولی لگی۔انیس قائم خانی کا کہنا ہے کہ 4 سے 5 لوگوں نے فارئنگ کی،گاڑی پر 4 گولیاں لگیں ۔

پی ایس پی رہنما فائرنگ سے زخمی :‌

ترجمان پی ایس پی کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے پی ایس پی کے رہنما افتخار عالم زخمی ہوگئے ہیں ، افتخار عالم کو 2 گولیاں لگی ہیں جبکہ متعدد کارکنان بھی زخمی ہیں ۔ ترجمان ٹی ایل پی نے بھی کارکنان زخمی ہونے کا دعویٰ کیا ہے ،ذرائع ٹی ایل پی کے مطابق فائرنگ کے دوران 3 کارکنان کو گولیاں لگی۔

وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کا نوٹس:‌

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کے حلقہ این اے 240 پر فائرنگ اور تشدد کا نوٹس لے لیا ہے .وزیر اعلی سندھ نے آئی جی کو ہدایت کی ہے کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں اٹھانے کی اجازت نہ دیں،الیکشن کا ماحول پرامن رکھا جائے، جو قانون ہاتھ میں لے اس سے سختی سے نمٹا جائے. ویراعلی سندھ نے الیکشن میں حصہ لینے والے تمام سیاسی جماعتوں کو پرامن رہنے کی ہدایت کی ہے، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہم سیاسی لوگ ہیں، ہمیں پرامن اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے. خیال رہے کہ این اے 240 میں 203 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس جبکہ 106 پولنگ حساس قرار دئیے گئے تھے. اس حلقے میں کوئی پولنگ سٹیشن نارمل نہیں تھا. اس علاقے میں مجموعی طور پر 309 پولنگ سٹیشنز ہیں۔ واضح رہے کہ یہ نشست ایم کیوایم پاکستان کےاقبال محمدعلی خان کےانتقال پرخالی ہوئی تھی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔