میزائل کے واقعے پر بھارت کی وضاحت ناکافی ہے

میزائل کے واقعے پر بھارت کی وضاحت ناکافی ہے
اسلام آباد: (پبلک نیوز) قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ 9 مارچ کو پاکستان میں جدید ترین سپر سونک میزائل داغنے کے واقعے کو معمول کی دیکھ بھال کے دوران ایک حادثہ قرار دینے کی بھارت کی بغیر کسی ثبوت کے سادہ وضاحت ناکافی ہے اور دنیا کیلئے ناقابل قبول ہونی چاہیے۔ ڈاکٹر معید یوسف نے متعدد ٹویٹس میں کہا ہے کہ پاکستان میں جدید ترین سپر سونک میزائل داغنے کے ردعمل میں ہم نے کشیدگی سے بچنے کیلئے ذمہ داری سے کام لیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے ایک غیر ذمہ دار اور ناقابل اعتبار ریاست کا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سنگین صورتحال کے تناظر میں بھارتی ردعمل تشویشناک ہے اورصرف شفاف مشترکہ تحقیقات کے ذریعے مطلوبہ سوالات کے جواب مل سکتے ہیں۔ مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ ہم بھارت اور دنیا کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ یہ ایک انتہائی جدید ترین سپرسونک میزائل تھا جس سے پاکستان میں جانی نقصان ہوسکتا تھا اور اس کے نتیجہ میں دو جوہری ہتھیاروں سے لیس ممالک کے درمیان کشیدگی بڑھ سکتی تھی۔انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر ساری دنیا کو یہ خود دیکھ لینا چاہئے کہ ذمہ دار ریاست کون سی ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔