این ایس سی اجلاس،املاک کو نقصان پہنچانے والوں کیخلاف قانون کے مطابق کاروائی کا فیصلہ

این ایس سی اجلاس،املاک کو نقصان پہنچانے والوں کیخلاف قانون کے مطابق کاروائی کا فیصلہ
اسلام آباد: ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیاسی مقاصد کی آڑ میں قومی املاک کو نقصان پہنچایا گیا ، سیاسی مقاصد کےلئے اداروں پر حملہ ناقابل قبول ہے ۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ختم ہوگیا، شرکاء کی جانب سے نو مئی کے پر تشدد واقعات کی شدید مذمت، ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانے پر اتفاق کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ نو مئی کو یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا، فوجی اور سرکاری تنصیبات پر حملے کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شرکاء کو بریفنگ دی گئی کہ سیاسی جماعت کے شر پسندوں نے طے شدہ منصوبے کے تحت یہ سب کیا۔ واقعات کی ویڈیوز اور شواہد موجود ہیں۔ توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث پانچ ہزار سے زائد شرپسندوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ کسی کو بھی ملک کا امن اور استحکام داؤ پر لگانے کی اجازت نہیں دیں گے، پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ اجالس میں شر پسندوں کے خلاف کیسز کا جلد فیصلہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔