عوام کے پاس حق ہے کہ وزیراعظم کون بنے، کسی اور کے پاس یہ حق نہیں، بلاول بھٹو

عوام کے پاس حق ہے کہ وزیراعظم کون بنے، کسی اور کے پاس یہ حق نہیں، بلاول بھٹو
ایبٹ آباد: بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیاسی طاقت عوام سے لوں گا، طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں تو سارے فیصلے عوام کو لینا چاہئیں۔ عوام کے پاس حق ہے کہ وزیراعظم کون بنے، کسی اور کے پاس یہ حق نہیں۔ ایبٹ آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے خیبر پختونخوا کو شناخت دی۔ نام کے ساتھ ساتھ آپ کو آپ کے حقوق دیے۔ آپ کو وسائل کا مالک بنایا۔ غریب خواتین کی مالی مدد کےلیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پیپلز پارٹی کے کارناموں پر فخر کرتے ہیں۔ ہماری جدوجہد، سیاسی سفر ابھی رہتا ہے۔ آج عوام خود کو لاوارث محسوس کرتے ہیں۔ مہنگائی، غربت بے روزگاری تاریخی سطح پر ہے۔ سیاستدان، بیوروکریسی کو زمینی حقائق کا کچھ معلوم نہیں، انہیں عوام کی مشکل کا احساس نہیں۔ چیئرمین پی پی نے کہا کہ بڑھتی غربت مہنگائی عوام کا بہت بڑا مسئلہ بن چکی ہے۔ باقی سیاسی جماعتیں پرانی سیاست میں لگی ہوئی ہیں، ان مسائل سے نکلنا ہے تو نئی سیاست اور نئی قیادت کی ضرورت ہے، ایسی قیادت جو ماضی میں پھنسی نہ ہو، مستقبل کے بارے میں سوچے، جو آپس کی سیاست کرے، تفریق میں نہ پھنسے اور عوام پر توجہ دے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کسی کو دوسری بار یا چوتھی بار وزیراعظم بنانے کے بجائے جس کو موقع نہیں ملا اسے موقع دیجیے، آپ موقع دیتے ہو تو وعدہ ہے کبھی آپ کو مایوس نہیں کروں گا۔ آپ کی دن رات خدمت کروں گا۔ چیئرمین پی پی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اشرافیہ کی نہیں عوام کی نمائندگی کرتی ہے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت غریبوں کی حکومت ہے، عوامی راج کی سوچ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا کوئی سیاسی مخالف نہیں، مخالف غربت، بے روزگار اور مہنگائی ہے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ لاڈلا اگر بننا ہے تو عوام کا لاڈلا بننا ہے۔ ہمارا چیئرمین پی ٹی آئی سے مسئلہ ایک ہی تھا کہ فیصلہ عوام کا ہو۔ پاکستان کے عوام کا حق ہے کہ فیصلہ کرے کہ کس کو وزیراعظم بنانا ہے، جسے بھی عوام منتخب کریں، ہماری سر آنکھوں پر ہے۔ خان صاحب سے جھگڑا یہی تھا کہ میرے لوگوں کو فون کرنا چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی سیاست اور منشور پر یقین رکھتا ہوں، میں جانتا ہوں کہ ہمارا منشور تمام مسائل کا حل ہے۔ پاکستان کا سب سے بڑا دشمن کون ہے؟ پاکستان اور اسکی ترقی کا سب سے بڑا دشمن وہی پرانی سیاست ہے۔ ہم نے کب تک پرانی چیزیں پھر سے دہرانی ہیں؟۔ وہ کھیل جو ملک کیساتھ 70 سال سے کھیلا جارہا ہے، کہیں نہ کہیں ہمیں فل اسٹاپ لگانا پڑے گا۔ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے کہا کہ اس بار پیپلز پارٹی پورے صوبے میں امیدوار کھڑے کر رہی ہے۔ جیت پیپلز پارٹی کی ہوگی، پیپلز پارٹی ہمیشہ الیکشن کےلیے تیار ہوتی ہے۔ سیاسی طاقت عوام سے لوں گا۔ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں تو سارے فیصلے عوام کو لینا چاہئیں۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔