کراچی ( ویب ڈیسک ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیٹرول پانچ روپے مزید مہنگا ہوگیا، خان صاحب قوم کے اچھے دن کب آئیں گے، ہم پٹرولیم کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو مسترد کرتے ہیں۔ ایک بیان میں چیئر مین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیٹرول ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا کر عمران خان نے عوام کی جیبوں پر ڈاکا مارا ہے، ڈالر اور پیٹرول جب تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہوں گے تو ہر شے عوام کی دسترس سے دور ہوتی چلی جائے گی، عمران خان نے کہا تھا کہ میں رلاؤں گا، آج پوری قوم رو رہی ہے اور خان صاحب چین کی بانسری بجارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کے بعد عوام کو ریلیف پہنچانے کے وہ بڑے بڑے دعوے کہاں گئے؟ سستا پیٹرول فراہم کرنے کا جھوٹ بول کر اقتدار میں آنے والے آج تاریخ کا مہنگا ترین پیٹرول بیچ کر اس کا دفاع بھی کررہے ہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے جمع ہونے والے اربوں روپے پی ٹی آئی حکومت کرپشن میں اڑادے گی۔