رحیم یار خان ( پبلک نیوز) طالب علم کے ہاتھوں سے تیار کردہ خطاطی کے فن پاروں کی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ روایتی آرٹ کو اسلامی طرز عمل میں بدلنے والے آرٹسٹ نے تاریخ رقم کر دی۔ تفصیلات کے مطابق رحیم یار خان چیمبر آف کامرس میں طالب علم آرٹسٹ کے اسلامی خطاطی کے فن پاروں کی نمائش کا انعقاد ہوا، جس میں40 فن پارے رکھے گئے، مصور نے زندگی کے مختلف رنگوں کو کینوس پر ایسے اتارا کہ دیکھنے والوں کو نظر ہٹانا مشکل ہو گیا۔ نمائش میں شرکت کرنے والی خواتین کا کہنا تھا کہ شاندار فن پارے تیار کرنے والے کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ اس نمائش میں آئل پینٹ واٹر پینٹ، پیپر ورک اور پینسل ورک سے آیات کریمہ کے لکھے فن پارے دیکھنے والوں کو راغب کرتے رہے، طالب علم اپنی نمائش کی کامیابی پر خوش دکھائی دیئے۔ فن پارے تیار کرنے والے آرٹسٹ حاشر ادریس مصور نے کہا کہ اسلامی فن پارے تیار کرنے کا مقصد دنیا چھوڑ کر اللہ تعالیٰ کے قریب ہونا ہے۔ طالب علم مصور نے خالق کائنات کے حسن و جمال کی گہرائیوں میں ڈوب کر ایسی منظر کشی کی کہ فن مصوری سے رغبت رکھنے والے داد دئیے بغیر نہ رہ سکے۔ فن مصوری سے رغبت رکھنے والے افراد کے مطابق اس طرح کے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ خیال رہے کہ فن مصوری کی اس نمائش کا مقصد اسلامی تعلیمات کی عکاسی کے ذریعہ لوگوں کو امن کی طرف راغب کرنا ہے۔