کابینہ نے پنجاب میں انتخابات کیلئےفنڈز کی سمری قومی اسمبلی کو ریفر کردی

کابینہ نے پنجاب میں انتخابات کیلئےفنڈز کی سمری قومی اسمبلی کو ریفر کردی
اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی جانب سے پنجاب اور کے پی انتخابات کیلئے وزارت خزانہ کی فنڈز کی سمری قومی اسمبلی کو ریفر کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا، اجلاس میں وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کی کار حادثے میں انتقال پر گہرے افسوس اور رنج اظہار کیا گیا اور ان کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ مرحوم مفتی عبدا لشکور کی دینی اور سیاسی خدمات سر انجام دیں۔ مفتی صاحب ایک جید عالم با عمل مسلمان اور بے پناہ علم رکھنے والی شخصیت تھے، کابینہ میں اپنے ایک سال کے مختصر عرصے میں انہوں نے ہم سب پر گہرے نقوش چھوڑے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے جس مستعدی ، محنت، لگن اور تن دہی کے ساتھ حج آپریشنز سر انجام دیے وہ لائق تحسین ہے، سیاسی لحاظ سے وہ اپنی جماعت جے یو آئی (ف) کے ماتھے کا جھومر تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مرحوم مفتی صاحب کے رفقاء انکی عاجزی اور نیک نیتی کی گواہی دے رہے ہیں، ان کے انتقال سے نا صرف انکے خاندان کے لئے بلکہ کابینہ، پارلیمان اور سیاست سب کے لئے ایک بڑا خلا پیدا ہو گیا ہے۔ اجلاس میں ٹائمز میگزین کی جانب سے وفاقی وزیر شیری رحمان کو موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے پر اثر آواز اٹھانے پر دنیا کے سو با اثر لیڈران کی فہرست میں شامل کیے جانے پر انھیں مبارکباد اور خراج تحسین پیش کیا گیا۔ وفاقی کابینہ نے وزارت خزانہ کی جانب سے بھیجی گئی سمری جو کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی براے خزانہ و محصولات کی الیکشن کمیشن کو پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں انتخابات کے حوالے سے رقم فراہم کرنے کی سفارشات کی روشنی میں تیار کی گئی ہے ، کو قومی اسمبلی کو ریفر کر دی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔