وزیراعظم عمران خان کی بل گیٹس کے ساتھ وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات ہوئی جس میں پولیو کے خاتمہ اور دوسرے اہم موضوعات پر بات چیت ہوئی۔
اس ملاقات کی تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے مریم نواز کا اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہنا تھا کہ کسی غیرملکی مہمان (dignitary) کو اس طرح سے بیٹھانا بدتہذیبی اور تکبر ہے۔
کسی غیرملکی مہمان (dignitary) کو اس طرح سے بیٹھانا بدتہذیبی اور تکبر ہے۔ https://t.co/9oDqfD8kBl
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) February 17, 2022
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی دعوت پر بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک بانی بل گیٹس نے جمعرات کو قومی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کے اجلاس میں شرکت کی۔
قبل ازیں بل گیٹس اور وزیراعظم عمران خان کے مابین ون آن ون ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم نے پاکستان کے پہلے دورہ پر بل گیٹس کا خیرمقدم کرتے ہوئے پولیو کے خاتمہ میں حکومت پاکستان کے ساتھ مسلسل تعاون اور شراکت داری پر بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاونڈیشن کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت پولیو کے خاتم کے لئے پوری طرح پرعزم ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان ہمارے دو سرحدی صوبوں میں پولیو کے واقعات کا بنیادی ذریعہ ہونے کے ناطے صحت کی ہنگامی سمیت انسانی بحران سے بچنے کے لئے فوری بین الاقوامی تعاون کی متقاضی ہے جبکہ پاکستان 40 ملین افغان عوام کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں بھرپور مدد کر رہا ہے۔
وزیراعظم نے افغانستان کی سرحدوں سے ملحقہ اضلاع بالخصوص خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو پولیو وائرس کے پھیلائو کے خلاف چوکس اور فعال رہنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر بل گیٹس نے پاکستان کے دورے پر مدعو اور گرمجوشی سے مہمان نوازی کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور پولیو کی روک تھام کیلئے انتھک محنت کرنے پر قیادت، ہیلتھ ورکرز اور والدین کی کوششوں کو سراہا۔
بل گیٹس نے کہا کہ کوڈ 19 کی پابندیوں کے باوجود پاکستان نے حیرت انگیز کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پولیو کے قطرے پلانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ نیشنل ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو نے ملک بھر میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے دوران جان کی بازی ہارنے والے 36 فرنٹ لائن ورکرز اور قانون نافذ کرنے والے 14 اہلکاروں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔