ویب ڈیسک: پی ایس ایل 9 کی رنگارنگ تقریب آج لاہور قذافی اسٹیڈیم میں منعقد کی جائے گی۔ جس کے بعد ایونٹ کا پہلا میچ لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین کھیلا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ایونٹ کی افتتاحی تقریب 6 بجے منعقد کی جائے گی جبکہ میچ کا آغاز 8 بجے ہوگا۔ پی سی بی نے بتایا ہے کہ ڈبل ہیڈر میں دوپہر کا میچ 2 بجے جبکہ شام کا میچ 7 بجے شروع ہوگا۔ اسی طرح رمضان المبارک کے دوران ہونے والے میچز رات 9 بجے شروع ہوں۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ قذافی اسٹیڈیم پہلی بار افتتاحی تقریب کی میزبانی کرے گا۔ افتتاحی تقریب میں آتش بازی کے ساتھ گلوکار فن کا مظاہرہ کریں گے۔
کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ پی ایس ایل میں اپنے آبائی شہر کی ٹیم کی نمائندگی اور قیادت کرنا بہت بڑا اعزاز ہے۔ ہمارے پاس اچھی کارکردگی کا بہترین موقع ہے کیونکہ ٹورنامنٹ کا آخری حصہ کراچی میں ہونا ہے۔
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ ملتان میں اپنے ہوم گراؤنڈ سےپی ایس ایل کا آغاز کر رہے ہیں۔ نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا امتزاج ہماری ٹیم کی طاقت ہے اور امید ہے کہ ہم اس بار ٹرافی اٹھائیں گے۔
پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ پشاور زلمی پی ایس ایل کی تاریخ کی سب سے دلچسپ ٹیموں میں سے ایک رہی ہے۔ اس سیزن میں چیمپئن بننے کے لیے تیار ہیں۔
اس موقع پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان رائیلے روسوو کا کہنا تھا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت کرنے کا موقع ملنے پر فخر ہے۔ بطور کپتان کردار ادا کرنے کا منتظر ہوں۔
پی سی بی نے بتایا ہے کہ پی ایس ایل میں بگی کیم، سپائیڈر کیم سمیت کل تیس ہائی ڈیفینیشن کیمرے استعمال ہوں گے۔ پی ایس ایل میں ڈی آر ایس ٹیکنالوجی بھی دستیاب ہو گی۔
کپتان لاہور قلندرز شاہین آفریدی:
لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی کا کہنا ہے کہ دو بار جیتے ہیں۔ پرامید ہیں کہ جیت کے سلسلے کو جاری رکھیں۔ ٹیم اچھی بنی ہے تیاری بھی بھرپور کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم میں راشد خان کا بڑا اہم کردار رہا ہے۔ اس لیے ان کی کمی محسوس ہوگی لیکن دیگر بولرز کمی پوری کریں گے۔ کچھ کھلاڑیوں کا این او سی کا ایشو تھا راجا پکسا کو بھی این او سی نہیں ملا۔ نسیم شاہ کے لیے اچھی بات ہے کہ وہ واپس آ رہے ہیں۔ امید ہے کہ اچھا پرفارم کریں گے اور پاکستان ٹیم میں بھی واپس آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہوم کراؤڈ کے سامنے کھیلنا اچھا لگتا ہے دوبار جیتے ہیں۔ امید تھی کہ اس بار بھی فائنل لاہور میں ہو گا لیکن اب وہ کراچی میں ہو رہا ہے۔ کبھی بھی اسپیڈ پر فوکس نہیں کیا ہمیشہ سوئنگ پر فوکس کیا ہے۔ امید ہے یہاں اچھا کھیلنے والے قومی ٹیم میں جگہ بنائیں گے۔
کپتان اسلام آباد یونائیٹڈ شاداب خان:
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا کہ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں آل راؤنڈر کا کردار ہوتا ہے۔ آج کل آل راؤنڈرز سے اچھا کمبی نیشن بنتا ہے۔ دباؤ ہوتا ہے ایسا نہیں ہے کہ پریشر کبھی نہیں ہوتا۔ مجھ پر تنقید درست تھی میں اچھا پرفارم نہیں کر رہا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ تنقید ماضی کا حصہ ہے اب اچھے مائنڈ سیٹ کے ساتھ آیا ہوں۔ غلطیوں کو دور کرنے کی کوشش کی ہے۔ ہم ماضی میں دباؤ میں اچھا نہیں کھیل سکے۔ ہمارے پاس چیمپئین پلئیرز ہیں اس مرتبہ اچھا پرفارم ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ماضی میں انجریز کا سامنا رہا ہے۔ مجھے خود پر اعتماد ہوتا ہے اور یقین بھی ہوتا ہے میں اچھا کم کم بیک کروں گا۔ ہمیں ٹیم کی حیثیت سے اچھا کھیلنا ہے۔ لاہور قلندرز دفاعی چیمپئین ہیں۔ وہ اچھا کھیل رہے ہیں تو دو بار جیتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سب ٹیموں نے بھرپور تیاری کی ہے۔ اچھے میچز ہوں گے۔ پی ایس ایل میں سب دلچسپی لیتے ہیں دوستوں سے مقابلہ ہوتا ہے۔ اگر ہار جائیں تو سارا سال باتیں سننا پڑتی ہیں۔ لاہور قلندرز کے خلاف اچھا میچ ہو گا۔ لاہور قلندرز ہوم گراؤنڈ پر کھیل رہی ہے۔
انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ وہ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ بننا چاہتے ہیں۔