ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ضرورت پیش آئی تو وہ ٹک ٹاک پر پابندی کی مدت میں دوسری مرتبہ بھی توسیع کر سکتے ہیں، تاہم انہیں یقین ہے کہ اس کی نوبت نہیں آئے گی۔
غیر ملکی میڈیارپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے دفتر میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران امریکا میں ٹک ٹاک پر پابندی کے حوالے سے بھی بات چیت کی۔
ایک صحافی کے سوال پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ دی گئی 75 دن کی مہلت کے دوران ٹک ٹاک کی فروخت کا معاملہ حل ہو جائے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر کسی بھی وجہ سے ٹک ٹاک کی فروخت کا معاملہ طے نہیں ہو پاتا تو ان کے پاس مدت میں مزید اضافہ کرنے کا اختیار موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہیں 90 دن تک ٹک ٹاک پر پابندی کی مدت میں توسیع کرنے کا اختیار حاصل ہے اور اگر ضرورت پیش آئی تو وہ دوبارہ یہ مدت بڑھا سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی ٹک ٹاک پر پابندی کی معطلی میں 75 دن کا اضافہ کر چکے ہیں، جو اپریل میں ختم ہو جائے گا۔
ٹک ٹاک کو اپریل تک اپنی امریکی خدمات کسی امریکی شہری یا کمپنی کو فروخت کرنا ہوں گی، بصورت دیگر امریکا میں اس پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔
صدر ٹرمپ کے پاس یہ اختیار ہے کہ وہ ٹک ٹاک پر پابندی کی مدت کو 90 دن تک معطل کر سکتے ہیں، اور وہ پہلے ہی 75 دن کی مہلت دے چکے ہیں، تاہم یہ واضح نہیں کہ وہ مزید 90 دن کی توسیع دینے کا اختیار رکھتے ہیں یا نہیں۔