لاہور سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہے گا۔ جمعه کے روز خیبرپختونخوا، پنجاب، اسلام آباد،خطۂ پوٹھوہار، گلگت بلتستان اورکشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بالائی سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان میں بھی گرد آلود ہوائیں اور آندھی چلنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ بارش کی بھی توقع ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ تاہم ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم رہا۔ تاہم کشمیر،بالائی خیبرپختونخوا،جہلم اورسیالکوٹ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ کوٹلی 05، راولاکوٹ 02، دروش 05، میرکھانی 03، کالام 02، دیر 01، سیالکوٹ 03 اور جہلم میں01ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ 17 سے 20 جون (جمعہ سے پیر) کے دوران ملتان، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، بھکر، لیہ،مظفر گڑھ، کوٹ ادو، ساہیوال، خانیوال، پاکپتن،اوکاڑہ، بہاولنگر، بہاولپور، خانپور اور رحیم یار خان میں وقفے وقفے سے آندھی اور تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ 17 جون کو راولپنڈی، اسلام آباد، جہلم، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، قصور اور شیخوپورہ میں موسلادھار بارش ہو سکتی ہے جس کے باعث راولپنڈی اور لاہور میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ بلوچستان میں 17 جون سے 20 جون کے دوران سبی، بولان، نصیر آباد، جھل مگسی، مستونگ، بارکھان، زیارت، ژوب، کوئٹہ، قلات، خضدار، چمن اور ہرنائی میں آندھی/گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ سندھ: صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ 17 سے 19 جون کے دوران سکھر، جیکب آباد اور لاڑکانہ میں گرد آلود ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔