ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کی تیاریاں عروج پر

ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کی تیاریاں عروج پر
رواں برس کے تیسرے بڑے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا 135 واں ایڈیشن 27 جون سے انگلینڈ میں شروع ہوگا۔ ٹورنامنٹ انتظامیہ کے مطابق ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ومبلڈن میں آل انگلینڈ لان ٹینس اور کروکٹ کلب میں کھیلا جائے گا۔ رواں سال کے تیسرے گرینڈ سلام ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں۔ میگا ایونٹ میں اے ٹی پی کا 135جبکہ ڈبلیو ٹی اے کا 128 واں ایڈیشن ہو گا۔ اے پی پی کے مطابق میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں۔ میگا ایونٹ گراس کورٹ پر کھیلا جائے گا جس میں دنیائے ٹینس کے نامور کھلاڑی ٹائٹل کے حصول کے لئے ایکشن میں نظر آئیں گے۔ میگا ایونٹ میں مینز سنگلز، ویمنز سنگلز، مینز ڈبلز ویمنز ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز سمیت دیگر مقابلے ہوں گے۔ سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ میگا ایونٹ کے مینز سنگلز مقابلوں میں اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے۔ خواتین کے سنگلز مقابلوں میں آسٹریلوی ٹینس سٹار اور سابق عالمی نمبر ایک ایشلی بارٹی اپنے اعزاز کا دفاع کریں گی۔ اسی طرح مینز ڈبلز مقابلوں میں نیکولا مکٹک اور میٹ پاویک پر مشتمل کروشین جوڑی اپنے اعزاز کی بقا کے لئے کوشاں ہوگی۔ ویمنز ڈبلز مقابلوں میں بیلجیم کی ایلیس مرٹینز اور ان کی تائیوان کی جوڑی دار ہیش سو وائی اپنے ٹائٹل کے دفاع کے لئے پنجہ آزمائی کرے گی۔میگا ایونٹ کی انتظامیہ نے ومبلڈن کے کھلاڑیوں کے لئے انعامی رقم میں ریکارڈ میں اضافہ کا اعلان کیا ہے، جس کے مطابق انعامی رقم کو بڑھا کر 40.3 ملین پائونڈ کر دی گئی ہےجو گزشتہ سال کے ومبلڈن اوپن سے 11.1فیصد زیادہ ہوگی۔واضح رہے کہ رواں سال کا تیسرا میگا ایونٹ 27 جون سے شروع ہوکر 14دن جاری رہنے کے بعد 11جولائی کو اختتام پذیر ہوگا۔گزشتہ تین سالوں کے بعد پہلی بار گنجائش کے مطابق شائقین ٹینس کو سٹیڈیم میں بیٹھ کر میچز دیکھنے کی اجازت ہوگی۔ٹورنامنٹ کا 134واں ایڈیشن 2020میں کھیلا جانا تھا لیکن کووڈ-19کی وجہ سے اس کو منسوخ کر دیا گیا تھا جو اگلے سال 2021 میں کھیلا گیا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔