ویب ڈیسک: ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے، اس موقع پر ملک بھر میں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے جبکہ وزیراعظم شہبازشریف نے ماڈل تاؤن میں نماز عید ادا کی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں نماز عید ادا کی، ادائیگی کے بعد انہوں نے ملکی سلامتی اور استحکام کیلئے دعا کی، فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کیلئے بھی خصوصی دعا کی، نماز کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نمازیوں سے گلے ملے اور عید کی مبارکباد پیش کی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری
صدر مملکت آصف علی زرداری نے زرداری ہاؤس نوابشاہ میں نماز ادا کی، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی غلام مصطفیٰ شاہ، صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار، صوبائی وزیر جیل خانہ جات حاجی علی حسن زرداری نے بھی زرداری ہاؤس میں نماز عید پڑھی۔
آصف علی زرداری نماز عید کے بعد فرداً فرداً سب سے عید ملے،ایم این اے آصفہ بھٹو زرداری، صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر عذرا فضل، چیف سیکرٹری سندھ بھی آبائی شہر نواب شاہ میں عید منا رہے ہیں۔
محمد نواز شریف
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے جاتی عمرہ میں نماز عید الاضحیٰ ادا کی، حسین نواز، حسن نواز اور دیگر عزیز واقارب نے بھی قائد محمد نواز شریف کے ہمراہ نماز عید ادا کی۔
نماز عید کے بعد عوام کی خوشحالی و ملک وقوم کی ترقی وسلامتی کیلئے دعائیں کی گئی، فلسطین اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کیلئے بھی خصوصی دعا کی گئی، قائد مسلم لیگ ن نوازشریف عزیز و اقارب اور کارکنوں سے عید ملے۔
رانا ثناء اللہ
وزیر اعظم کے سیاسی مشیر اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے فیصل آباد میں نماز عید ادا کی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نماز عید لاہور میں ادا کی، عزیز و اقارب، لوگوں سے عید ملی اور مبارکباد دی، محسن نقوی نے ملک کی ترقی، استحکام، سالمیت، امن اور عوام کی خوشحالی کیلئے دعا کی۔
وزیر داخلہ نے مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کیلئے بھی خصوصی دعا کی۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے گورنر ہاؤس کراچی میں غیر ملکی سفارتکاروں کے ہمراہ نماز عید پڑھی، سپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ اور پیپلز پارٹی رہنما خورشید شاہ نے سکھر میں عید کی نماز ادا کی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ڈی آئی خان میں اپنے گھر الامین ہاؤس میں نمازعید ادا کی، سٹی میئر عمر امین گنڈاپور اور دیگر نے بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ نماز عید ادا کی جس کے بعد ملکی سلامتی، خوشحالی، قومی یکجہتی اور امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے دعائیں کی گئیں۔
نماز عید کی ادائیگی کے بعد وزیر اعلیٰ نمازیوں سے عید ملے اور ان سے عید کی مبارکباد وصول کی۔
جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ
جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے منصورہ لاہور میں عید کی نماز پڑھی۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے بادشاہی مسجد میں نماز عید ادا کی۔