ڈیٹنگ ایپ ٹنڈر: صارفین کو ایک اور سہولت کی فراہمی

ڈیٹنگ ایپ ٹنڈر: صارفین کو ایک اور سہولت کی فراہمی

ڈیٹنگ ایپ ٹینڈر نے صارفین کو ایک دوسرے کے پس منظر کی جانچ پڑتال کرنے کی سہولت دینے کے لیے ایک نئے فیچر کا اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

رواں سال ڈیٹنگ کی سب سے مشہور ایپ ٹنڈر میں ایک نئی خصوصیت شامل کی جائے گی جس کے مطابق ایپ استعمال کرنے والوں کو ایک دوسرے کی معلومات تک رسائی کی اجازت ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق نئے فچر کے مطابق ٹنڈر کے استعمال کنندہ اپنے نام یا موبائل نمبر کو استعمال کرتے ہوئے ان لوگوں کے بارے میں معلومات کو دیکھنے کے اہل ہوں گے جن کے ساتھ وہ ڈیٹ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

یہ اقدام ڈیجیٹل ڈیٹنگ ایپ نے صارفین کے لئے حفاظتی معیارات کے آڈٹ کے نتیجے میں کیا ہے۔ سیفٹی اینڈ کمیونٹی ایڈوکیسی کی سربراہ ٹریسی بریڈن کا کہنا ہے کہ "ہم نے دیکھا ہے کہ کمپنیاں ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے ایپ میں موجود کئی رکاوٹوں کو دور کرنے میں مدد فراہم کر سکتی ہیں۔"

ٹنڈر نے اس مقصد کے لیے "گاربو" نامی ایک پلیٹ فارم کے ساتھ اشتراک کیا ہے، جو ذاتی اعداد و شمار کا آڈٹ کرنے میں مہارت رکھتا ہے۔ یاد رہے کہ خواتین کے ایک گروپ نے "گاربو" پلیٹ فارم تشکیل دیا تھا جس کا مقصد لوگوں کے بارے میں رپورٹس تیار کرنے کے لئے عوامی ریکارڈ ، تشدد یا بدسلوکی کی اطلاعات بشمول گرفتاریوں، سزاوں، پابندیوں کے وارنٹ، ہراسانی اور دیگر پرتشدد جرائم کی معلومات جمع کرنا تھا۔ .

اس کے علاوہ امریکی کانگریس کے ممبروں نے کمپنی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ڈیٹنگ کے دوران جنسی تشدد کے خطرے کو کم کرنے اور صارفین کی حفاظت کے لئے تیزی سے کام کریں۔ جنوری 2020ء میں ٹنڈر نے ہراسگی کا خوف محسوس ہونے کی صورت میں اطلاع دینے کے لئے ایک بٹن بھی اپنی ایپ میں شامل کیا تھا، اس بٹن کو دبانے سے ملاقات کی جگہ کا ڈیٹا محفوظ ہوتا ہے اور ہنگامی صورتحال میں انتظامیہ کو الرٹ کیا جا سکتا ہے۔

گیٹ سیف آن لائن میں مواصلات کی ڈائریکٹر سارہ کا کہنا ہے کہ ہم نے ہمیشہ ان لوگوں کی ضرورت پر زور دیا ہے جو پہلی بار ڈیٹنگ ایپس کو استعمال کرنے جا رہے ہیں، لہذا ہم کسی بھی ایسے اقدام کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں جس سے ایپ استعمال کرنے والوں کو ضروری مدد ملے نہ کہ ایپ ایسے تعلقات کا باعث بنے جس کے اثرات تباہ کن ہوں۔

Watch Live Public News

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔