ہیمسٹر کومبیٹ: کیا موبائل ایپ بےروزگار نوجوانوں کی زندگی بدل سکتی ہے؟

ہیمسٹر کومبیٹ: کیا موبائل ایپ بےروزگار نوجوانوں کی زندگی بدل سکتی ہے؟
کیپشن: Hamster Combat: Can a Mobile App Change the Lives of Unemployed Youth?

ویب ڈیسک: (علی زیدی) اسمارٹ فون ایپ ہے یا قارون کا خزانہ، ایران میں بےروزگار نوجوان دھڑا دھڑ ’’ہیمسٹر کومبیٹ’’ ایپ ڈاؤن لوڈ کرکے کھیلنے لگے۔ ایرانی ڈپٹی آرمی چیف نے اسے مغرب کی ایران کے خلاف ’’ نرم جنگ ’’ قرار دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق ایران میں ان دنوں صدارتی الیکشن قریب ہے۔ لیکن وہاں ایک عجیب منظر دیکھنے میں آ رہا ہے۔ جہاں کہیں بھی نظر پڑتی ہے، نوجوان اپنے اسمارٹ موبائل فون پر کھوئے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔

اسمارٹ فون کی سکرین پر اپنی انگلیاں گھمانے والے ان سب نوجوانوں کو یقین ہے کہ بس اب کچھ ہی پل کی بات ہے، پھر ان کی دنیا بدل جائے گی اور وہ امیر کبیر بن جائیں گے۔

ایپ ہیمسٹر کومبیٹ (Hamster Kombat)  کاتعلق بظاہر کرپٹو کرنسی سے ہے۔

یاد رہے کہ مغرب کی معاشی پابندیوں کے باعث ایران کی معیشت شدید دباؤ میں ہے۔ مہنگائی کا گراف آسمان کو چھو رہا ہے۔ بے روزگاروں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ افراط زر کی شرح اتنی بلند ہے کہ گزر اوقات مشکل ہو گیا ہے لیکن ایرانیوں پر اسمارٹ فون میں سے دولت ڈھونڈنے کا جنون سوار ہے اور وہ اس کی سکرین پر کبھی غصے میں اور کبھی امید میں تیزی سے انگلیاں چلا رہے ہیں۔

ایرانی امور کے ایک ماہر اور میان گروپ کے ڈیجیٹل رائٹس اینڈ سیکیورٹی کے ڈائریکٹر عامر راشدی کہتے ہیں کہ اس چھوٹی سی امید پر بھروسہ کہ کسی دن آپ کی قسمت چمک اٹھے گی، مایوسی کی علامت ہے۔

ایران میں اسمارٹ فون کا استعمال بڑے پیمانے پر ہوتا ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ موبائل سروس دیگر ملکوں کے مقابلے میں سستی ہے جو ایرانیوں کے لیے ہیمسٹر کومبیٹ جیسے ایپ تک رسائی کو پرکشش بنا دیتی ہے۔

اگرچہ ایران کے حکام بہت سی ویب سائٹس اور ایپس تک رسائی روکنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن لوگوں نے راہیں نکال لی ہیں۔

ایرانی ہیمسٹر کومبیٹ تک رسائی، میسیجنگ ایپ ٹیلی گرام کے ذریعے کرتے ہیں۔ یہ ایک طرح کا کلک کرنے والا کھیل ہے۔ گیم کھیلنے والے کو کسی چیز پر بار بار کلک کرنا پڑتا ہے جس کے بدلے میں پوائنٹس ملتے ہیں۔ اور پھر مختلف مراحل طے کرنے ہوتے ہیں۔

ایپ کھیلنے والے کو یقین ہوتا ہے کہ وہ یہ گیم جیت لے گا جس کے بدلے میں اسے کرپٹو کرنسی مل جائے گی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کھیل میں ایک ایسی کرپٹو کرنسی کی پیشکش کی گئی ہے جس کا ابھی تک عمومی لین دین شروع نہیں ہوا ہے۔

ایران کی فوج کے ڈپٹی چیف رئیر ایڈمرل حبیب اللہ سیاری کہتے ہیں کہ یہ ایپ ایران کے خلاف مغرب کی نرم جنگ کا ایک حصہ ہے۔

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق سیاری کا کہنا تھا کہ دشمن ایرانیوں کی توجہ صدارتی امیدواروں کے منشور سے ہٹانے کے لیے اس گیم کو مقبول بنا رہا ہے، تاکہ لوگ بہترین امیدوار نہ چن سکیں۔

ایران کے سرکاری ٹیلی وژن کے روزنامے ’جام جم‘ نے اپنی ایک اشاعت میں لکھا ہے کہ اس ایپ میں لوگوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی، لوگوں کے، محنت کیے بغیر راتوں رات امیر بننے کے خواب کو اجاگر کرتی ہے۔

 رپورٹ میں لکھا ہے کہ مستری اور ریفریجیریٹر کی مرمت کرنے والے سے لے کر یونیورسٹی کے طالب علموں تک، ہر کوئی اس ایپ میں غرق ہیں۔ لوگ محنت کرنے کی بجائے پیسے حاصل کرنے کا شارٹ کٹ ڈھونڈ رہے ہیں۔

ایران کے مقدس شہر قم میں مقیم ایک شیعہ عالم، آیت اللہ ناصر مکارم شیرازی کا کہنا ہے کہ لوگوں کو ہیمسٹر کومبیٹ ایپ استعمال نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کرپٹو کرنسی کو بہت سی زیادتیوں کا سبب قرار دیا۔

Watch Live Public News