امرتسر: (ویب ڈیسک) عام آدمی پارٹی کے رہنما اور ماضی کے مشہور کامیڈین بھگوت مان بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ بن گئے ہیں۔ بھارتی وزیراعلیٰ بھگوت مان کامیڈی اداکار رہے ہیں۔ انہوں نے کئی سٹیج اور ٹی وی پروگراموں میں شرکت کی۔ انہوں نے ’دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج‘میں بھی اپنے فن کا جادو جگایا تھا۔ بعد ازاں انہوں نے سیاست میں قدم رکھا اور اداکاری کو خیرباد کہہ دیا۔ تقریب حلف برداری کے موقع پر اپنے خطاب میں بھگونت مان نے کہا کہ اس دن ہر پنجابی حلف اٹھائے گا۔ ہم پنجاب کی ترقی کے لیے سب کچھ قربان کرنے کا عہد کریں گے۔ ہم بھگت سنگھ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ کابینہ کی تشکیل کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ تاریخی فیصلے کیے جائیں گے۔ اس درمیان، بھگونت مان نے پنجاب کے 122 سابق ایم پی ایز، ایم ایل ایز کی سیکیورٹی واپس لینے کے احکامات بھی جاری کردیئے۔ بتا دیں کہ بھگونت مان کو کُل پنجاب عام آدمی پارٹی لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا تھا۔ اس سے پہلے انہوں نے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال سے ملاقات کی تھی اور انہیں حلف برداری کی تقریب میں مدعو کیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ عام آدمی پارٹی نے نے 117 رکنی پنجاب اسمبلی کے انتخابات میں 92 سیٹیں جیتی ہیں۔ بھگونت مان نے پارٹی کے نومنتخب اراکین سے کہا تھا کہ وہ اپنا زیادہ تر وقت گاؤں اور شہروں میں لوگوں کے مسائل حل کرنے کے لیے گزاریں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو عام آدمی پارٹی کی حکومت سے ان کی زندگیوں میں تبدیلی کے لیے بہت سی توقعات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں ہم نے ووٹ مانگے ہیں وہاں کام کریں۔ جیتنے کے بعد لوگوں کو چندی گڑھ آکر ان سے ملنے کے لیے مت کہو۔حکومت گاؤں اور محلوں سے چلے گی۔ جاؤ اور لوگوں سے ملو۔ ان کے ساتھ چائے پیو۔