عدم اعتماد پر ووٹنگ کی اجازت دی جائے:ایچ آر ڈبلیو

عدم اعتماد پر ووٹنگ کی اجازت دی جائے:ایچ آر ڈبلیو
نیویارک: (پبلک نیوز) ہیومین رائٹس واچ نے کہا ہے کہ یہ پاکستانی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئین پر چلے اور عدم اعتماد کی تحریک پر دھمکیوں یا تشدد کے بغیر ووٹنگ کی اجازت دے۔ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی نگرانی کرنے والے عالمی ادارے ’ہیومن رائٹس واچ‘ ( ایچ آر ڈبلیو) نے کہا ہے کہ پاکستان میں تحریک عدم اعتماد کے جمہوری عمل کا احترام کیا جانا چاہیے۔ حکومت اور اپوزیشن کو اپنے حامیوں کو تشدد سے دور رکھنا چاہیے۔ ادارے کی ایشیا کے لئے ایسویسی ایٹ ڈائریٹر پیٹریشیا گوسمین نے بیان میں کہا کہ پاکستان کے جمہوری ادارے ایک نئے خطرے کا سامنا کر رہے ہیں۔ 8 مارچ کو اپوزیشن کی سیاسی جماعتوں نے وزیراعظم عمران خان کو ہٹانے کے لئے پارلیمان میں عدم اعتماد کی تحریک جمع کرائی ہے۔ جواب میں حکومتی زعما کی طرف سے تشدد کی دھمکیاں دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال خطرناک تصادم سے دوچار ہونے کی طرف جا رہی ہے۔ دستور پاکستان کے تحت قومی اسمبلی میں اکثریتی ارکان عدم اعتماد کے حق میں رائے دیتے ہیں تو وزیراعظم عہدے پر نہیں رہیں گے۔ حکومت نے 28 مارچ کو رائے شماری کرانے کا اعلان کیا ہے۔ 10 مارچ کو دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس پارلیمان کے ارکان کی رہائش گاہوں میں داخل ہوئی اور 2 ارکان پارلیمنٹ کو اپوزیشن کے کئی کارکنوں کے ہمراہ گرفتار کرلیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے الزام لگایا کہ اپوزیشن جماعت جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رضاکار بلا اجازت پارلیمنٹ لاجز میں داخل ہوئے تھے۔ ان تمام افراد کو چند گھنٹوں میں ہی رہا کر دیا گیا۔ چار دن بعد وفاقی وزیر غلام سرور خان نے ”اپوزیشن پر خود کش حملے“ کی دھمکی دی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ ”غداروں“ یعنی وزیراعظم عمران خان کی جماعت تحریک انصاف کے خان کے خلاف ووٹ دینے والے ارکان کی تصاویرشہروں میں لگائی جائیں گی تاکہ لوگ انہیں پہچان سکیں۔ وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے تجویز کیا کہ ووٹ کے دن ”دس لاکھ“ حامی اسلام آباد آئیں گے اور خبردار کیا کہ خان کے خلاف ووٹ دینے کے خواہش مندوں کو ”عوام کے بیچ میں سے گزر کر پارلیمنٹ کی عمارت میں جانا اور واپس آنا پڑے گا۔“ انہوں نے کہا کہ جواب میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) نے بھی اپنے حامیوں کو اسلام آباد میں جمع کرنے کا اعلان کیا ہے جس سے ممکنہ طور پر تشدد پر مبنی تصادم کے لئے سٹیج تیار ہو گیا ہے۔ ہیومن رائیٹس واچ کی ایشیا کے لئے ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئین پر چلے اور عدم اعتماد کی تحریک پر دھمکیوں یا تشدد کے بغیر ووٹنگ کی اجازت دے۔ حکومت اور اپوزیشن دونوں کو اپنے حامیوں کو بھرپور پیغام دینا چاہیے کہ وہ جمہوری عمل کو سبوتاژ یا اشتعال یا کسی مجرمانہ اقدامات سے ووٹ کو مجروح نہ کریں۔ پارلیمانی ووٹنگ جمہوریت کا بنیادی اصول ہے اور اسے روکنے کی کوششیں ایک ایسے ادارے کے لئے مزید خطرہ ہیں جو نمائندہ حکومت اور قانون کی بالادستی کے لئے کلیدی ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔