عمران خان کیجانب سے وارنٹ منسوخی کا فیصلہ چیلنج، رجسٹرارآفس کا اعتراض

عمران خان کیجانب سے وارنٹ منسوخی کا فیصلہ چیلنج، رجسٹرارآفس کا اعتراض
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان نے توشہ خانہ کیس میں وارنٹ منسوخی کی درخواست مسترد ہونے کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے ۔ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی جانب سے ان کے وکیل خواجہ حارث نے سیشن کورٹ کے ورنٹ گرفتاری منسوخی کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ۔ درخواست میں سابق وزیراعظم عمران خان نے مؤؑقف اپنایا کہ کل میں اسلام آباد کی سیشن کورٹ میں خود پیش ہو جاؤں گا ، انڈر ٹیکنگ تسلیم کر کے پولیس کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری سے روکا جائے ۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے درخواست پر آج ہی سماعت کی استدعا بھی کی ہے ۔ دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس کی جانب سے سابق وزیر اعظم عمران خان کی وارنٹ منسوخی کی درخواست پراعتراضات عائد کردیے گئے ۔ رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا بائیو میٹرک نہیں ہے، جس معاملے پر پہلے ہائیکورٹ فیصلہ کرچکی ہے دوبارہ کیسے سن سکتی ہے، کسی پٹیشن پر کیسے بلیکنٹ آرڈر جاری کیاجا سکتا ہے ؟ خیال رہے کہ سیشن کورٹ نے گذشتہ روز سابق وزیر اعظم عمران خان کی وارنٹ منسوخی کی درخواست خارج کردی تھی ۔ یاد رہے کہ توشہ خانہ کیس میں ایڈیشنل سیشن جج ظفراقبال نے ہی عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں ، عدالت نے انہیں 18 مارچ کو پیش کرنے کا حکم بھی جاری کیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے گذشتہ روز وارنٹ کی منسوخی کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا تھا جہاں عدالت نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے درخواست نمٹا دی تھی اور یہ حکم دیا تھا کہ عمران خان 18 مارچ کو پیشی سے متعلق ہائی کورٹ میں جمع کرائی گئی انڈرٹیکنگ ٹرائل کورٹ میں جمع کرائیں ۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔