کراچی دھماکے کے سوگ میں گورنمنٹ آف پاکستان کے آفیشل فیس بک پیج اور ٹویٹر اکائونٹ کا لوگو بلیک اینڈ وائٹ جبکہ ان کے کور فوٹوز کو بلیک کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے یہ اقدام کراچی میں گذشتہ روز ہونے والے بم دھماکے کے سوگ کی وجہ سے اٹھایا گیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے فیس بک پر جاری پیغام میں انہوں نے دہشتگردی واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میں کراچی ایم اے جناح روڈ، بولٹن مارکیٹ کے قریب دھماکے کی مذمت کرتا ہوں۔ انہوں نے جاں بحق خاتون کے اہلخانہ اور 11 زخمی افراد سے اظہار ہمدردی بھی کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے دہشتگردی واقعے میں ملوث عناصر کی جلد گرفتاری کی ہدایت کرتے ہوئے وفاق کی جانب سے سندھ حکومت کو مکمل معاونت کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ خیال رہے کہ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس اقدام پر حیرت کا اظہار کیا جا رہا تھا کہ حکومت کی جانب سے آخر کیوں فیس بک پیج اور ٹویٹر کا لوگو اور کور فوٹو بلیک اینڈ وائٹ کی گئی ہے۔