اسلام آباد: ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے صدر کا مخصوص مدت کےلیے سمریاں روکنے کا اختیار ختم کرنے پر مشاورت شروع کردی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر کی طرف سے وزیراعظم کی بھیجی گئی سمریاں روکنے کے معاملے پر وفاقی حکومت کی صدر کا مخصوص مدت کےلیے سمریاں روکنے کا اختیار ختم کرنے پر مشاورت شروع کردی ہے، اس حوالےسے تجویز کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی میں پیش کی جائے گی۔ موجودہ آئینی ترمیم کے مطابق صدر وزیراعظم کی طرف سے بھیجی گئی ایڈوائس/ سمری مجموعی طور پر 25 دن تک روک سکتا ہے، 25 دن بعد سمری از خود منظور سمجھی جاتی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ حکومت اس معاملے پر اپنے اتحادیوں سے مشاورت بھی کرے گی ، صدر کا اختیار ختم کرنے کےلیے حکومت کو دونوں ایوانوں میں دو تہائی اکثریت درکار ہوگی ، اس وقت حکومت کے پاس قومی اسمبلی میں دوتہائی اکثریت نہیں ہے، کون سا طریقہ کار اختیار کیا جائے حکومت کی مشاورت جاری ہے۔