ویبڈیسک: پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کے لیے دبئی پہنچ چکی ہے اور قومی ٹیم ایونٹ میں اپنا پہلا میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف 24 اکتوبر کو کھیلے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے متحدہ عرب امارات میں اپنے آخری 10 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل جیتے ہیں اور کپتان بابر اعظم کا دعویٰ ہے کہ اس ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں انہیں ہندوستان پر برتری حاصل ہو گی۔ عمان اور متحدہ عرب امارات میں اتوار سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا مقابلہ روایتی حریفوں کے درمیان 24 اکتوبر کو دبئی میں ہو گا۔ یاد رہے کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف کبھی بھی ورلڈ کپ کا میچ نہیں جیتا ہے، تاہم بابراعظم اس سے پریشان نہیں، وہ سمجھتے ہیں کہ متحدہ عرب امارات کی پچز سے واقفیت ان کو اس روایت کو توڑنے میں مدد دے گی۔
بابر اعظم سے جب پوچھا گیا کہ پاکستان کی ٹیم کو بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں 5 شکست ہوئی ہے تو انکا کہنا تھا کہ یقینی طور پر ہم نے متحدہ عرب امارات میں بہت زیادہ کرکٹ کھیلی ہے، یہ حالات ہمارے مطابق ہیں اور ہم یہاں کھیلنا جانتے ہیں۔ ہمیں تمام شعبوں میں چیزوں کو سادہ رکھنے کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان انگلینڈ اور بھارت کے بعد ٹی 20 رینکنگ میں تیسرے نمبر پر ہے، اور ورلڈ کپ میں اسکے گروپ میں افغانستان اور نیوزی لینڈ بھی ہیں۔ رواں سال دو ٹی 20 سنچریاں بنانے والے بابر نے کہا کہ اچھی پرفارمنس آپ کو اعتماد دیتی ہے، میں فارم میں ہوں ، اس سے مجھے فائدہ ہوگا۔
دوسری جانب ہندوستانی کپتان ویرات کوہلی نے پاکستان کے ساتھ مقابلے کو محض ایک میچ قرار دیا۔ کوہلی نے کہا میں نے ہمیشہ اس کھیل کو صرف کرکٹ کا ایک مقابلہ سمجھا ہے، میں جانتا ہوں کہ اس مقابلے کے لیے بہت زیادہ ہائپ بنائی جاتی ہے تاکہ ٹکٹوں کی مانگ بڑھے اور قیمتوں میں اضافہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی ان ٹکٹوں کی قیمتیں مضحکہ خیز ہیں۔ تو میں صرف اتنا جانتا ہوں ، دوست مجھ سے ٹکٹیں مانگ رہے ہیں ، میں نے انکار کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہاں آپ کہہ سکتے ہیں کہ ماحول مختلف ہے۔ شائقین کے نقطہ نظر سے یہ یقینی طور پر یہ ہائی وولٹیج مقابلہ ہے تاہم کھلاڑیوں کے نقطہ نظر سے، ہم جتنا ہو سکے پیشہ ور رہنے کی کوشش کرتے ہیں۔