ویب ڈیسک: انجلینا جولی نے دعویٰ کیا ہے کہ انکی نئی کتاب نوجوانوں اور بڑوں دونوں کی زندگی بدل سکتی ہے۔
انجلینا جولی اپنی نئی کتاب کی اشاعت کے بعد اس حوالے سے کافی پرجوش ہیں. اپنے کتاب کی اشاعت کے بارے میں بات کرتے ہوئے مشہور ہالی ووڈ سٹار نے ایک بیان میں کہا یہ کتاب زیادہ مساوی معاشرے کے حصول میں مدد کرے گی۔ واضح رہے کہ انجلینا جولی کی کتاب بچوں کے حقوق بارے آگاہی فراہم کرتی ہے جس کا ٹائٹل ہے؛ اپنے حقوق کو جانیں اور ان کا دعوی کریں۔
اداکارہ جو کہ انسانی حقوق کی ایک معروف کارکن بھی ہیں، نے اپنی کتاب ایمنسٹی انٹرنیشنل اور برطانوی انسانی حقوق کے وکیل جیرالڈین وان بویرن کے اشتراک سے لکھی ہے، جو کہ بچوں کے حقوق سے متعلق 1989 کے اقوام متحدہ کے کنونشن کے اصل ڈرافٹرز میں سے ایک کے طور پر جانے جاتے ہیں۔
View this post on Instagram
انجلینا جولی نے کہا میں دنیا بھر کے ان نوجوانوں سے بہت متاثر ہوں جو انسانی حقوق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا نوجوان ماحول کی حفاظت سے لے کر عدم مساوات اور امتیازی سلوک سے لڑنے تک معاشرے میں وہ کام کر رہے ہیں جو بڑوں کو کرنا چاہیے تھا لیکن اب تک وہ اس میں ناکام رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی سطح پر پناہ گزین کیمپوں اور تنازعات میں گھرے علاقوں میں بچے اپنے بڑوں کے برے فیصلوں کے نتائج کا بوجھ اٹھا رہے ہیں۔
انجلینا نے کہا جب بچوں اور نوجوانوں کے پاس بات کرنے کی معرفت ، طاقت اور علم ہوتا ہے تو وہ نوجوانوں اور بڑوں دونوں کی زندگی بدل سکتے ہیں اور بہتر انداز میں زیادہ مساوی معاشرے کے حصول میں مدد دے سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا یہی ہماری نئی کتاب کا پیغام ہے، اپنے حقوق کو جانیں اور ان کا دعوی کریں، یہ کتاب دنیا بھر کے نوجوان کارکنوں کی مشاورت سے لکھی گئی ہے اور ان کے لیے ہی ہے، اور بہت سارے نوجوان عالمی سطح پر اپنے حقوق کے لیے لڑ رہے ہیں۔یہ پرامن احتجاج کے بارے میں مشورہ دیتی ہے اور یہ کہ بین الاقوامی قوانین سے کیسے نمٹا جائے ، اسکول اور کمیونٹی میں شعور بیدار کرنے کے لیے کیاکیا جائے ، اور کیسے نوجوانوں کو تحریک دی جائے کہ وہ تبدیلی لانے کے لیے اپنے سفر کا آغاز کریں .