عمران خان سے بات چیت کیلئے تیار ہیں: خواجہ آصف

عمران خان سے بات چیت کیلئے تیار ہیں: خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ عمران خان سمیت سب سے بات چیت کیلیے تیار ہیں. پاکستان اور عوام کی خاطر ذاتی انا آڑے نہیں آئے گی. یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں‌پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی. خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف آج برطانیہ جائیں گے جہاں وہ ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے، وہاں سے شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلیے نیویارک روانہ ہوجائیں گے۔ انہوں‌نے کہا کہ دورہ ثمرقند میں وزیراعظم شہباز شریف نے ماحولیاتی تبدیلیوں کی بار بار بات کی اور سب کو باور کرایا کہ پاکستان اوزون لیئر کی خرابی کا ذمے دار نہ ہوتے ہوئے بھی زیادہ متاثر ہوا، یو این سیکرٹری جنرل پاکستان کیلئے بات کر رہے ہیں، توقع ہےعالمی برادری پاکستان کیساتھ تعاون کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کیلئے تیار ہے، چینی صدر نے شہباز شریف سے سی پیک کی تیزی پر بات کی، ریل پروجیکٹ کیلئے بھی دلچسپی ظاہر کی۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ حکومت ہمیشہ بات چیت کے لیے تیار رہی ہے. بطور اپوزیشن میثاق معیشت کے لیے دعوت دی تھی اور اس کے لیے آج بھی تیار ہیں. عمران خان کو تو صرف اقتدار چاہیے، لیکن ہم پاکستان اورعوام کی خاطر ذاتی انا آڑے نہیں آنے دیں گے اور عمران خان سمیت سب سے بات چیت کیلیے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کا بڑا حصہ اس وقت سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے، متاثرین کو تعاون چاہیے، اس وقت اتحاد کی ضرورت ہے لیکن پی ٹی آئی مسلسل ملک میں عدم استحکام کیلئے لگی ہوئی ہے، جان بوجھ کر مختلف معاملات کو بنیاد بنا کر سیاسی عدم استحکام پیدا کیا جا رہا ہے، تاہم ملک میں انتشار پیدا کرنے کی اس کی تمام کوششیں ناکام بنائی جائیں گی، جب اقتدار میں آئے تب سے اب تک حالات بہتر ہیں، مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے بھی اقدامات کر رہے ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔