کابل ( ویب ڈیسک ) افغانستان میں طالبان کے مقابلے میں صدارت کا ایک اور امیدوار سامنے آگیا ، نائب صدر امر اللہ صالح نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ افغان صدر اشرف غنی کی غیر موجودگی میں قانونی اور آئینی صدر ہیں اور وہ اس عہدے پر اپنی پوزیشن مضبوط بنانے کیلئے صلاح مشورے میں مصروف ہیں۔ سوشل میڈیا پر اپنی ایک ٹویٹ میں امر اللہ صالح نے لکھا کہ ”اسلامی جمہوریہ افغانستان کے آئین کی واضح شق کے مطابق صدر کی غیر موجودگی ، فرار یا موت کی صورت میں نائب صدر قائم مقام صدر ہوگا۔ میں ملک کے اندر موجود ہوں اورقانونی طور پر اس عہدےکا انچارج ہوں۔ میں اس پوزیشن کو مضبوط بنانے کے لیے ملک کے تمام رہنماؤں سے مشاورت کر رہا ہوں“۔ https://twitter.com/AmrullahSaleh2/status/1427631191545589772 یاد رہے کہ افغان صدر اشرف غنی مبینہ طور پر نوٹوں سے بھرے ہوئے ہیلی کاپٹر میں بیٹھ کر افغانستان سے فرار ہو چکے ہیں جبکہ نائب صدر امر اللہ صالح کے بارے میں بھی ایسی ہی اطلاعات ہیں لیکن اب ان کا کہنا ہے کہ وہ افغانستان میں ہی موجود ہیں اور صدارت کے امیدوار بھی ہیں۔