لاہور(پبلک نیوز) ملک بھر میں آج 9 محرم الحرام کو نواسہ رسول حضرت امام حسین ؑ اور اُن کے ساتھیوں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جلوس و مجالس کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس سخت سیکورٹی حصار میں نشتر پارک سے برآمد ہوا، عزادارن حسین امام بارگاہ علی رضا کے سامنے نماز ظہرین ادا کی، جلوس کی گزرگاہوں کے اطراف گلیاں کینٹینرز اور گاڑیوں کی مدد سے بند ہیں ، نماز ظہرین کے بعد مرکزی جلوس روائیتی راستوں سے ہوتا ہوا منزل مقصود کی جانب رواں دواں ہو گیا، جلوس کی حفاظت کے لئے رینجرز پولیس کے 6 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہیں.
لاہورمیں بھی نویں محرم کے حوالے سے شہر میں چھوٹے بڑے جلوسوں اور مجالس کا سلسلہ جاری ہے، ذاکرین مصائب اہل بیت بیان کر رہے ہیں، عطیہ اہل بیت نکلسن روڈ سے ذوالجناح برآمد ہو گیا، جبکہ مرکزی جلوس پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوگا۔ مرکزی جلوس نوری بلڈنگ، بلاک سیداں، نوری بلڈنگ، اسلام پورہ، نیلی بار گراونڈ اور سیکرٹریٹ سے ہوتا ہوا خیمہ سادات پہنچے گا۔ خیمہ سادات میں مجلس میں شرکت کے بعد واپس اپنے راستوں سے ہوا پانڈو سٹریٹ اختتام پذیر ہو گا۔
اسلام آباد کا جلوس مرکزی امام بارگاہ اثنائے عشری سے برآمد ہو کر روایتی راستوں سے ہوتا ہوا اختتام پذیر ہو گا۔ دوسری جانب روہڑی میں 500 سالہ قدیمی نو ڈھالہ تعزیہ کا جلوس امام شاہ عراق سے برآمد ہوکر اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہیں جس میں ملک بھر سے سینکڑوں کی تعداد میں زائرین اور عزاداران حسین شرکت کررہے ہیں۔
ادھر کوئٹہ میں نویں محرم کو دوپہر ڈیڑھ بجے ذوالجناح کا جلوس امام بارگاہ ناصرالعزا سے نکالا جائے گا جو قریبی شاہراہوں سے ہوتا ہوا دوبارہ امام بارگاہ ناصر العزا پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا.