پاکستانی روپیہ ایک بار پھر گراوٹ کا شکار ہونے لگا جبکہ اس کے مقابلے میں امریکی ڈالر نیچے آنے کے بعد ایک بار بھر اڑان بھرنے لگا ہے. تفصیلات کے مطابق آج صبح کاروبار کے آغاز میں ہی انٹر بینک میں امریکی ڈالر 12 پیسے مہنگا ہونے کے بعد 215 روپے تک جا پہنچا۔ دوسری جانب پاکستان سٹاک ایکسچینج میں آج صبح کاروبار کا مثبت آغاز ہوا۔پاکستان سٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 193 پوائنٹس کے اضافے کے بعد 43870 تک کی سطح پر پہنچا۔ خیال رہے کہ کارباری ہفتے کے تیسرے روز ڈالر کی قدر میں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا،جس کے بعد انٹر بینک میں ڈالر 214روپے 88 پیسے پر بند ہوا تھا۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادو شمار کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر 98 پیسے مہنگا ہو کر انٹر بینک میں 214روپے 88 پیسے پر بند ہوا تھا. دوسری جانب پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز مثبت رجحان ریکارڈکیا گیا تھا۔ مارکیٹ 240پوائنٹس کے اضافے سے 43ہزار676پر بند ہوئی تھی۔دن بھر365 کمپنیوں کے شیئرز میں کاروبار ہوا تھا. 177کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی جبکہ155کے شیئرز میں اضافہ ہوا تھا۔ مارکیٹ کی بلند ترین سطح 43,736 جبکہ کم ترین سطح 43,389رہی تھی۔