دوسرا ون ڈے میچ: پاکستان نے نیدرلیںڈز کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی

دوسرا ون ڈے میچ: پاکستان نے نیدرلیںڈز کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی
دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز اپنے نام کرلی۔ دوسری ون ڈے میچ میں نیدرلینڈز نے پہلےکھیلتے ہوئے پاکستان کو 187 رنز کا ہدف دیا تھا، نیدرلینڈز کے کپتان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جو کہ بہتر ثابت نہ ہوسکا اور پوری ٹیم 186 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔ پاکستان نے صرف 8 رنز پر نیدرلینڈز کے تین کھلاڑی آؤٹ کیے جس کے بعد کوپر اور لیڈے نے 109 رنز کی شراکت بنا کر ٹیم کو مشکل سے نکالا۔کوپر نے 66 رنز بنائے جبکہ ڈی لیڈے نے اپنے ون ڈے کیریئر کی سب سے شاندار 89 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کیجانب سے حارث رؤف اور محمد نواز نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیاجبکہ فاسٹ بولر نسیم شاہ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ شاداب خان اور محمد وسیم جونیئر ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔ قومی ٹیم کی جانب سے ہدف 34 ویں اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان 191 رنز بنا کرپورا کرلیا گیا۔پاکستان کیطرف سے کپتان بابراعظم نے 57 رنز بنائے، امام الحق 6 اور فخرزمان 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ محمد رضوان نے 69 رنز اور سلمان علی آغا 50 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ نیدر لینڈز کی جانب سے ویویان کنگما نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ واضح رہے کہ تین ایک روزہ میچز کی سیریز میں پاکستان کو 0-2 کی برتری حاصل ہے، پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو 16 رنز سے شکست دی تھی۔ پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان آخری ایک روزہ میچ 21 اگست بروز اتوار کو کھیلا جائے گا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔