پبلک نیوز: سینیٹ الیکشن کے لئے پی ٹی آئی امیدوار فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی منظورکرلیے گئے، الیکشن کمیشن دفتر کے سامنے پی ٹی آئی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان آمنے سامنے بھی آئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار فیصل واوڈا آج اپنے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے سلسلے میں ریٹرننگ افسر اعجاز انور چوہان کے سامنے پیش ہوئے۔
آر او کے سامنے دہری شہریت کے حوالے سے وفاقی وزیر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں نے دہری شہریت چھوڑ دی ہے اور اس حوالے سے کاغذات الیکشن کمیشن میں پہلے ہی جمع کرا چکا ہے، جس پر ریٹرننگ افسر نے فیصل واوڈا کے کاغذات کو درست قرار دیتے ہوئے اعتراضات کو مسترد کردیا۔
پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا کی سینیٹ کے انتخابات کے سلسلے میں جانچ پڑتال کے لیے الیکشن کمیشن آمد پر آج ہنگامہ آرائی بھی ہوئی، ہنگامہ آرائی اضافی افراد کے الیکشن کمیشن کے اندر لے جانے پر ہوئی، جہاں پی ٹی آئی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان آمنے سامنے آئے، کارکنان کے درمیان جھگڑا بھی ہوا، اور دونوں فریقین نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔
یاد رہےکہ تحریک انصاف سندھ نے فیصل واوڈا کو سینیٹ کا ٹکٹ دینے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا اور اس سلسلے میں گورنر سندھ کو خط بھی لکھا تھا لیکن پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں ٹکٹوں کے معاملے پر نظر ثانی کے بعد وزیراعظم نے فیصل واوڈا پر اعتراض کو مسترد کردیا اور ان کا سینیٹ کا ٹکٹ برقرار رکھنے کا اعلان کردیا تھا۔