اسلام آباد: ( پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا معاملہ اہم مراحل میں داخل ہوتا جا رہا ہے۔ اب پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں ڈیرے جمانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان 20 فروری کو ہنگو جلسہ کے بعد اسلام آباد چلے جائیں گے۔ وہاں سربراہ پی ڈی ایم حکومت کے خلاف بڑا قدم اٹھانے کے لئے صلاح مشورے اور ملاقاتیں کریں گے۔ بتایا جا رہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے اس سلسلے میں 22 فروری کو پارٹی کا اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔ وہ وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے عمل تک اسلام آباد میں قیام کریں گے۔ اس کے علاوہ مولانا فضل الرحمان کی پی ڈی ایم سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتیں بھی شیڈول ہو چکی ہیں۔ وفاق میں تحریک عدم اعتماد کے لئے حوالے سے اپوزیشن اتحاد پر مشتمل کمیٹی کی تشکیل کے معاملے پر بھی مشاورت ہوگی۔ فروری کے آخری ہفتے یا مارچ کے پہلے ہفتے میں پی ڈی ایم سربراہی اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے جس میں اپوزیشن اتحاد کی میٹنگ سمیت دیگر امور کی حکمت عملی پر بھی غور ہوگا پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان ٹیلیفونک رابطوں کے ساتھ براہ راست سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ اس کے علاوہ حکومتی اتحادیوں کے ساتھ بھی مزید مشاورت کرنے کا پلان بھی ہے۔