جو ہمارے پاس ووٹ مانگنے آئے ہیں، ان سے وزارتیں نہیں لیں گے،بلاول کا اعلان

جو ہمارے پاس ووٹ مانگنے آئے ہیں، ان سے وزارتیں نہیں لیں گے،بلاول کا اعلان

(ویب ڈیسک ) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ جو ہمارے پاس ووٹ مانگنے آئے ہیں، ان سے وزارتیں نہیں لیں گے،  عوام کا فائدہ دیکھیں گے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ٹھٹہ میں جلسے سے خطاب میں کہا کہ چاروں صوبوں میں انتخابی مہم چلائی، عوام نے میرا ساتھ دیا، الیکشن جیتنے کے بعد فیصلہ کیا ٹھٹہ میں جشن منائیں گے۔ الیکشن اسلام آباد کی کرسی پر بیٹھنے کےلیے نہیں آپ کے لیے لڑا۔

انہوں نے کہا کہ  کوئی ایسا سیاستدان ہو جو اپنے مسئلے پر نہیں عوام کے مسائل پر بات کرے، مہنگائی، بیروزگاری اور غربت تاریخی سطح پر پہنچ گئی ہے، افسوس ہے باقی سیاستدان مجھ سے عمر میں بڑے ہیں لیکن اپنے لیے سوچتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ   تمام سیاسی جماعتیں الیکشن پر احتجاج کررہی ہیں، اس ماحول میں ملک کیسے چلے گا؟،  اگر یہی ماحول رہا تو پاکستان کو بحران سے کون نکالے گا؟۔انہوں نے کہا کہ   تین قسم کی سیاسی جماعتیں ہیں، کچھ ایسے سیاستدان ہیں جو دھاندلی کرکے بھی جیت نہیں سکتے، احتجاج کررہے ہیں۔

چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ  میرے پاس ایسے بھی فارم 45 ہیں جس میں پیپلز پارٹی کا امیدوار جیت چکا ہے، پیپلزپارٹی نے فیصلہ کیا ہے ملک بھر میں ہمارے امیدواروں کے شکایتیں جمع کریں گے، الیکشن کمیشن،اعلیٰ عدلیہ ہو یا پارلیمان کی کمیٹی کے سامنے پیش کریں گے، اگر وہاں ناکام رہے تو پھر احتجاج  کریں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ  ایک صاحب کہتے ہیں کہ لاڑکانہ میں وہ جیتے ہے میں نہیں جیتا، کونسی پولنگ اسٹیشن پردھاندلی کی شکایت ہے، الیکشن کے 4 دن بعد دھاندلی یاد آئی؟ کہتے ہیں ان کو دھاندلی کرکے ہرایا گیا، اگر فارم 45 ہے تو سامنے لاؤ، ثابت کرو اگلے دن آپ کا ضمنی الیکشن میں مقابلہ کروں گا دیکھا ہوں کیسے جیت سکتے ہو؟ ایک طرف اپنے آپ کو مولانا کہتے ہیں پھر ڈھٹائی سے جھوٹ بولنا مذاق ہے۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ جو ہمارے پاس ووٹ مانگنے آئے ہیں، ان سے وزارتیں نہیں لیں گے، عوام کا فائدہ دیکھیں گے، صدارتی الیکشن میں آصف علی زرداری ہمارے امیدوار ہوں گے، وہ عہدہ سنبھالنےکےبعدوفاق کو بچائیں گے۔

Watch Live Public News