ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مخصوص نشستیں دینے کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرنا ہے یا اس کے خلاف اپیل میں جانا ہے؟ الیکشن کمیشن کا آج کا اجلاس نتیجے پر پہنچے بغیر ختم ہوگیا۔ اجلاس کل پھر ہوگا۔
ذرائع کے مطابق آج سیکریٹری الیکشن کمیشن اور لیگل ونگز حکام نے الیکشن کمیشن کو بریفنگ دی، فیصلے پر عمل کےلیے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔
آج کے اجلاس کی صدارت سینئر ممبر الیکشن کمیشن نے کی، چیف الیکشن کمشنر ویڈیو لنک پر اجلاس میں شریک تھے۔
واضح رہے کہ 12 جولائی کو سپریم کورٹ آف پاکستان نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا تھا۔
پشاور ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا حکم دیا گیا تھا۔
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 13 رکنی فل کورٹ بینچ نے فیصلہ سنایا تھا۔
فل کورٹ بینچ میں جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ اے ملک، جسٹس اطہر من اللّٰہ، جسٹس سید حسن اظہر رضوی، جسٹس شاہد وحید، جسٹس عرفان سعادت خان اور جسٹس نعیم اختر افغان بھی شامل تھے۔