وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قوم کو فیٹف کی شرائط پوری ہونے اور وائٹ لسٹ میں پاکستان کی واپسی کی راہ ہموار ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ “ٹیم پاکستان‘‘ کو مبارک ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم نے ملک کے لئے کامیاب کاوش کی۔ گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکلوانے کی قومی کاوش کرنے والی تمام سول اور ملٹری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ہفتہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو بھی مبارک دیتا ہوں، ان کی قیادت میں ٹیم کو یہ اہم کامیابی ملی،عسکری قیادت کو فیٹف کی گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکالنے کے عمل پر مبارک، پاکستان کو حاصل ہونے والی اس بڑی کامیابی پر آپ کی کاوشوں کو سراہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جی ایچ کیو میں آرمی چیف کے قائم کردہ ’’کور سیل‘‘ نے پاکستان کی اس اہم کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا،اکتوبر میں فیٹف ٹیم کے دورے کے بعد پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکل جائے گا،گرے لسٹ سے پاکستان کا نکلنا نیک شگون ہے، آنے والے وقت میں پاکستان کو مزید کامیابیاں ملیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جس ٹیم ورک اور جذبے سے گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکالنے کی کوشش ہوئی، یہی قومی کاوش معیشت کی بحالی کے لئے بھی کر رہے ہیں،قوم کو مایوسی، ناامیدی اور معاشی ابتری سے نکال کر تعمیر، ترقی اور خوشحالی کی طرف واپس لے کر آئیں گے۔