اسلام آباد(پبلک نیوز) مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ جھوٹ اور غلط پروپیگنڈا کیا جاتا ہے جس کا جواب دینا ضروری ہے کابینہ کے فیصلوں سے چینی آٹا اور دوائیاں چوری ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا عمران خان کے فیصلوں کی وجہ سے پچاس لاکھ لوگ بے روز گار ہو گئے ، عمران خان کے فیصلوں کی وجہ سے سی پیک بند ہوا،عوام کی چینی چوری ہو جائے تو پھر انکوائری کراو ، وزیر کے خلاف انکوائریاں شروع کراو اور استعفے لو اور ڈرامے کرو ، یہ وطیرہ ہے وزیر اعظم عمران خان کا، صرف الزام لگاؤ نوازشریف شہباز شریف پر ، عمران خان خود حکم دیتے ہیں پھر جب وزراء کی جیبیں بھر جاتی ہیں پھر ڈرامہ کر کے وزیروں اور مشیروں سے استعفے کے کر قوم کو بے وقوف بنانے کی کوشش کی جاتی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہائی کورٹ کے فیصلے میں واضح لکھا گیا ہے شہباز شریف پر کک بیک یا کرپشن کا کوئی الزام نہیں ہے ، شہباز شریف کے خلاف کوئی الزام ثابت نہیں ہوا ، شہباز شریف کے تمام اثاثے ایف بی آر میں ڈکلئیر ہیں، عید والے دن پانچ دفتر کھلوا کر شہباز شریف کا نام سی ایل میں ڈلوایا گیا ، ان کا کرپشن کا بیانیہ پٹ چکا ہے، کرایے کے ترجمانوں سے جھوٹ بلوا کر جعلی کاروائیاں اجاگر کروائی جا رہی ہیں ، آپ کس قسم کی کارکردگی اجاگر کرانا چاہتے ہیں مہنگائی کی ،زیادہ قرضے لینے کی ،چینی آٹے اور ادویات میں کرپشن کی ؟
انہوں نے کہا عوام کو اب مزید بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا ، یہ ناکام اور گھٹیا سوچ کے حکمران اس وقت ملک پر مسلط ہیں، عمران خان نے رنگ روڈ کی توسیع کا حکم دیا تالیاں بجووائیں، اب کیاہوا ؟رنگ روڈ کا جب فائدہ اپنے مافیا کو پہنچ چکا تو۔ اب وزیروں سے استعفے کے کر ڈرامے رچائے جا رہے ہیں، عمران خان تمام ریکارڈ ٹمپرنگ کر کے ملک کو لوٹ رہے ہیں ، عمران خان اور عثمان بزدارکو کیوں ہاتھ نہیں ڈالا جا رہا ، اگر ماضی میں وزیراعظم سے احتساب کیاجاتا رہا اور کچھ ثابت نہیں ہوا تین بار کا وزیر اعظم گرفتار ہو سکتا ہے تو موجودہ وزیراعظم کیوں نہیں ؟