کراچی دھماکوں میں ملوث دہشتگردوں کو کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور حساس اداروں کی مشترکہ کارروائی کے دوران جہنم واصل کر دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سی ٹی ڈی اور حساس ادارے کی خصوصی ٹیم نے کراچی کے علاقے ماڑی پور میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی تو وہاں شہر قائد میں ہونے والے دھماکوں میں ملوث دہشتگرد موجود تھے۔ اس اہم کارروائی کے دوران جب سیکیورٹی فورسز نے ان کو حراست میں لینے کیلئے ایکشن شروع کیا تو دہشتگردوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ تاہم مادر وطن کے سپوتوں نے دلیری سے مقابلہ کرکے ان میں سے 2 کو جہنم واصل کر دیا جبکہ ان کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی) کے انچارج مظہر مشوانی نے اس خفیہ آُپریشن کی تفصیلات بارے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے علاقے ماڑی پور میں یہ کارروائی ان دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی جو کراچی بم حملوں میں ملوث تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب دہشتگردوں کی اطلاع پر چھاپہ مارا گیا تو انہوں نے خود کو بچانے کی ناکام کوشش کرتے ہوئے فائرنگ شروع کر دی۔ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 2 دہشتگرد زخمی ہوئے جبکہ ایک موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ دونوں زخمی دہشتگردوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال لے کر جایا جا رہا تھا لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ اہم ذرائع کا کہنا ہے کہ مارے گئے دہشتگرد ہی صدر دھماکے میں ملوث تھے لیکن سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ابھی یہ بات کہنا حتمی نہیں ہے، مارے گئے دہشتگرد اس کارروائی میں ملوث ہو سکتے ہیں۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کی شناخت نواب اور اللہ ڈنو کے ناموں سے ہوئی جبکہ ان کا ایک ساتھی فرار ہو گیا۔ دہشتگردوں کے قبضے سے الیکٹرانک آلات، دھماکا خیز مواد اور بم بنانے کا سامان برآمد کر لئے گئے ہیں۔