قومی ٹیم کے فاسٹ بائولر محمد حسنین کے مداحوں کیلئے خوشخبری ہے کہ انہوں نے بائیو مکینک ٹیسٹ پاس کر لیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ محمد حسنین کا گذشتہ ہفتے لاہور کی لمز یونیورسٹی میں بائیو مکینک ٹیسٹ لیا گیا تھا، جہاں انہوں نے اپنا پہلا ٹیسٹ پاس کر لیا تھا، تاہم دوسرے ٹیسٹ کا نتیجہ ابھی نہیں آیا۔ اس سے قبل محمد حسنین نے رواں برس 21 جنوری کو لاہور میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کی منظور شدہ بائیو مکنیک لیب میں ٹیسٹ دیا تھا، جس میں ان کا بائولنگ ایکشن مشکوک قرار دیا گیا تھا۔ پی سی بی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ محمد حسنین کے بازو کا خم پندرہ ڈگری کے اندر آیا، اب جلد ہی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) سے رابطہ کیا جائے گا۔ https://twitter.com/MHasnainPak/status/1526625863630037010?s=20&t=vbv13OB6I5YQO5vlKWjayg واضح رہے کہ محمد حسنین کے بائولنگ ایکشن کو ٹھیک کرنے کے لئے پی سی بی نے کوچ عمر رشید کی ذمہ داری لگائی تھی، جنہوں نے نوجوان بائولر کا ایکشن تبدیل کروایا جس سے ان کو بائیو مکینک ٹیسٹ پاس کرنے میں مدد ملی۔ محمد حسنین نے اب تک پاکستان کی طرف سے آٹھ ون ڈے انٹرنیشنل اور اٹھارہ ٹی ٹونٹی میچوں میں مجموعی طور پر انتیس وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ پاکستان سپر لیگ، لنکن پریمئیر لیگ، کیریبین پریمیئر لیگ اور بگ بیش میں بھی حصہ لے چکے ہیں۔ بگ بیش کے گذشتہ سیزن میں ہی محمد حسنین کے بائولنگ ایکشن پر اعتراض اٹھایا گیا تھا۔