سیاستدان، عدلیہ ،اسٹیبلشمنٹ سب کو ماضی سے نکلنا ہوگا‘، راناثناءاللہ

سیاستدان، عدلیہ ،اسٹیبلشمنٹ سب کو ماضی سے نکلنا ہوگا‘، راناثناءاللہ
کیپشن: Politicians, judiciary, establishment all have to come out of the past', Ran Sanaullah

ویب ڈیسک: سینئر لیگی رہنما اور وزیراعظم کے مشیر راناثناءاللہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سیاستدان، عدلیہ اور اسٹیبلشمنٹ سمیت سب کو ہی ماضی سے نکلنا ہوگا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کے دوران وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ 6 ججوں کے خط کا معاملہ آؤٹ آف کورٹ حل کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ’6 ججوں کے خط کے معاملے میں کسی کو کٹہرے میں کھڑا کرکے یہ مسئلہ حل نہیں ہوسکتا ہے، حل اس کے سوا کوئی نہیں کہ ادارے اور لوگ ایک جگہ بیٹھ کر معاملے پر بات کریں۔‘

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ’میری وزیراعظم سے بات ہوئی ہے، شہباز شریف کا خیال ہے کہ اس طرح معاملات چلتے رہے تو ملک کو کیسے بہتری کی طرف لے جاسکتے ہیں۔‘

وزیراعظم کے مشیر نے یہ بھی کہا کہ ’ایک طرف سیاستدان یا حکومت، دوسری طرف عدلیہ اور تیسری طرف نشانہ اسٹیبلشمنٹ ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’میں نہیں سمجھتا کہ کسی کے بھی حق میں یہ بہتر ہوسکتا ہے شرمندگی کے سوا کچھ حاصل نہ ہوگا، سیاستدان، عدلیہ ، اسٹیبلشمنٹ سب کو ماضی سے نکلنا ہوگا۔‘

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ’اگر عدلیہ کہے کہ ہم نے تو بالکل آئین اور قانون کی پاسداری کی ہے وہ بھی درست نہیں ہوگا، اسٹیبلشمنٹ کہے کہ کبھی کسی کے معاملے میں دخل نہیں دیا تو یہ بات بھی سچ نہیں ہوگی۔‘

وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ ’جن جج صاحبان نے خط لکھا ہے وہ سارے ہی قابل عزت اور بہترین انسان ہیں، اگر بات یہ کریں کہ یہ ہوتا رہا ہے اور آج کے بعد نہیں ہونا چاہیے تو یہ ہوسکتا ہے۔‘

Watch Live Public News