صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ملاقات کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایوان صدر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر خزانہ نے ملاقات میں صدر پاکستان کو ملکی معاشی اور مالی صورتحال پر بریفنگ دی ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صدر مملکت کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں اور متاثرین کی بحالی کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق صدر عارف علوی اور سینیٹر اسحاق ڈار کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ملک میں اہم سیاسی اور دیگر معاملات پر بھی گفتگو کی گئی ہے۔علاوہ ازیں صدر مملکت سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی ملاقات کی جس میں ملکی معاملات اور موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز بھی اسحاق ڈار نے مولانا فضل الرحمان اور آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور انہیں نواز شریف کا پیغام پہنچایا تھا۔