(ویب ڈیسک ) پاکستان میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی)کو بڑی آفر دی ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو میچ کھیلنے کے بعد چندی گڑھ یا نئی دہلی میں رہنے کی پیشکش کردی ہے، بھارتی ٹیم اگر چاہے تو میچ کھیلنے کے بعد دونوں بھارتی شہروں میں سے کسی ایک میں قیام کرے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پی سی بی کی آفر پر تاحال بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے کوئی جواب نہیں آیا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے ٹیم پاکستان بھیجنے کا تاحال اعلان نہیں کیا۔ اس سے قبل بھارت کے میچز ایک کی بجائے دو وینیوز پر رکھنے کی تجویز سامنے آچکی ہے۔
رپورٹس کے مطابق پی سی بی لاہور کے ساتھ دوسرے وینیو راولپنڈی کو رکھنے پر رضامندی ظاہر کر چکا ہے۔بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان جانے یا نہ جانے کا فیصلہ بھارتی حکومت نے کرنا ہے۔
مجوزہ شیڈول کے مطابق انڈین ٹیم کے چیمپئنز ٹرافی کے تین گروپ میچز لاہور میں شیڈول ہیں۔بھارتی ٹیم کے میچز لاہور میں رکھنے کی وجہ بھارتی بارڈر کے قریب ہونا ہے۔