ویب ڈٰسک: قومی اسمبلی میں وفاقی آئینی عدالت کے قیام کیلئے قرارداد جمع ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قرارداد پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے جمع کرائی ہے۔ قرارداد میں وفاقی آئینی عدالت کے قیام کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
قرارداد کے مطابق عدالت کو آئینی تشریح اور دیگر آئینی امور پر خصوصی دائرہ اختیار حاصل ہوگا، ایک خصوصی عدالتی ادارے کا قیام ضروری ہے جو آئینِ پاکستان کی تشریح اور عملداری کو یقینی بنا سکے۔
قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ ایوان اس رائے کا حامل ہے کہ حکومت فوری اقدامات کرے، وفاقی آئینی عدالت کا قیام عمل میں لایا جائے، عدالت آئینی تشریح اور آئینِ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے تحت طے شدہ دیگر امور پر فیصلہ سازی کا خصوصی اختیار رکھے۔