لندن :ہڑتالوں کے آگے بے بس برطانوی حکومت نے ایمبولینس سروسز چلانے کیلئے فوج طلب کرلی ہے۔ برطانیہ میں ایمبولینس اور بارڈر فورس کی ہڑتال جاری ہے ، جس کے سبب برطانوی حکومت نے فوج اور دیگر سرکاری ملازمین کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تقریباً 1,200 فوجی اور 1,000 سرکاری ملازمین کو کرسمس کے موقع پر ہڑتال کرنے والی ایمبولینس اور بارڈر فورس کے عملے کی جگہ سنبھالنے کیلئے تیار کیا گیا ہے۔ برطانوی حکومت نے کہا ہے کہ فوجی اہل کار عملے کے خلا کو پُر کریں گے اور فرنٹ لائن سروسز کو جاری رکھیں گے۔ خیال رہے کہ انگلینڈ اور ویلز میں تقریباً 10 ہزار ایمبولینس عملہ 21 اور 28 دسمبر کو تنخواہ کے تنازع پر ہڑتال کرے گا۔ دوسری جانب مسلح افواج کے سربراہ نے خبردار کیا ہے فوجیوں کو ہڑتال کے سلسلے میں کوئی کردار ادا کرنے کے لیے طلب کرنا ٹھیک نہیں ہے۔ چیف آف ڈیفنس اسٹاف، ایڈمرل سر ٹونی راڈاکن کا کہنا ہے کہ ’’ہمارے پاس کوئی گنجائش نہیں، ہم مصروف ہیں، ہمیں اپنے بنیادی کردار پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی۔‘‘