نئی حکومت کے لیے آئی ایم ایف سے پروگرام ایک چیلنج ہوگا ، فچ رپورٹ

نئی حکومت کے لیے آئی ایم ایف سے پروگرام ایک چیلنج ہوگا ، فچ رپورٹ

(ویب ڈیسک ) فچ رپورٹ  میں کہا گیا ہے کہ نئی حکومت کے لیے آئی ایم ایف سے پروگرام ایک چیلنج ہوگا۔

معاشی درجہ بندی کے عالمی ادارے فچ  نے   پاکستان سے متعلق رپورٹ جاری کردی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ  غیر یقینی سیاسی صورت حال آئی ایم ایف پروگرام میں پیچیدگی کرسکتی ہے، پاکستان کے لیے آئی ایم ایف کا پروگرام مارچ میں ختم ہو رہا ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ نیا پروگرام پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر کرسکتا ہے۔

 رپورٹ کے مطابق  گزشتہ چند سال میں پاکستان کی معاشی صورت حال بہتر ہوئی ہے، فروری 2024 میں پاکستان کے خالص زرمبادلہ کے ذخائر 8 ارب ڈالرہیں جبکہ فروری  2023 میں پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 2.9 ارب ڈالر تھے۔

  فچ رپورٹ  میں کہا گیا ہے کہ   پاکستان کو بیرونی فنڈنگ کی اشد ضرورت ہے،آئندہ چند ماہ میں پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہوسکتے ہیں، رواں مالی سال کے اختتام تک پاکستان 18 ارب ڈالر میں  سےصرف 9 ارب ڈالر حاصل کرے گا،نئی حکومت کو فوری طور پر امدادی اداروں سے فنڈنگ کی ضرورت ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق   انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدواروں نے مضبوط کارکردگی پیش کی،مسلم لیگ  ن  اور پیپلز پارٹی مخلوط حکومت بنانے میں مصروف ہیں،  نئی حکومت کے لیے آئی ایم ایف سے پروگرام ایک چیلنج ہوگا، غیر یقینی سیاسی صورت حال پروگرام میں طوالت کا سبب بن سکتی ہے، امدادی اداروں اور ملکوں سے فنڈنگ میں تاخیر سے اصلاحات کا عمل متاثر ہوسکتا ہے۔

 رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ  امید ہے کہ نئی منتخب حکومت فوری طور پر  آئی ایم ایف سے رابطہ کرے گی،  اگر تحریک انصاف اقتدار سے کنارہ کش رہی تو عوام میں مزید مستحکم ہوسکتی ہے۔

Watch Live Public News