ریاض (پبلک نیوز) سعودی عرب کی وزارت صحت کی جانب سے رواں برس اندرون اور بیرون ملک فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے منظور شدہ ویکسین کی شرط عائد کر دی جو ذوالحجہ سے قبل لگوانا ضروری ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض میں وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایسے وہ افراد جو رواں سال حج کی ادائیگی کے خواہشمند سعودی شہری یا غیر ملکی اقامہ ہولڈرز ہیں انہیں چاہئیے کہ وہ ذوالحجہ سے قبل کورونا ویکسینیشن کا کورس مکمل کر لیں۔
اسی طرح بیرون ممالک سے آنے والے عازمین کے لئے بھی لازمی ہوگا کہ وہ عالمج ادارہ صحت کی جانب سے منظور شدہ کورونا ویکسین لگوائے جانے کا مصدقہ ثبوت پیش کریں گے اور حج سے دو ہفتے قبل کورونا ویکسین کا کورس مکمل کیا گیا ہو۔
سعودی وزارت صحت نے واضع کیا ہے کہ حج کے موقعہ پر عازمین حج کو ان کی رہائش گاہوں سے مقررہ پروگرام اور احتیاطی تدابیر کے تحت نکالا جائے گا جن میں سماجی فاصلے کا اصول اور ماسک کی پابندی لازمی ہوگی۔عازمین حج کے لیے لازمی ہوگا کہ وہ اپنی رہائش اور قیام گاہوں میں باہمی فاصلہ ایک سے ڈیرھ میٹرتک رکھیں۔
ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لیے عازمین کے مختلف گروپس مرتب کیے جائیں گے ہر گروپ 100 افراد سے زیادہ کا نہیں ہوگا۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ وزارت کی ٹیمیں مقررہ ضوابط پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کےلیے تمام متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہیں۔