ویب ڈیسک: سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان عبدالعزیز آل سعود اور فرانسیسی صدرعمانویل میکروں نے ملاقات کے دوران علاقائی صورتحال کے ساتھ ساتھ شام میں جاری کشیدگی کو روکنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔
دوسری جانب فرانسیسی ایوان صدر کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر ایمانویل میکرون سعودی عرب کے تین روزہ سرکاری دورے پر ریاض پہنچے جہاں ولی عہد نے ان کا خصوصی استقبال کیا۔
بعد ازاں سعودی ولی عہد اور میکروں نے دو طرفہ ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور ان کو مضبوط بنانے کے لیے رابطہ کاری کی کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔
ایلیسی پیلس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق ریاض میں ملاقات کے دوران صدر میکروں اور سعودی ولی عہد نے غزہ میں بلا تاخیر جنگ بندی پر زور دیا۔
بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ سعودی ولی عہد اور فرانسیسی صدر نے اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی کو مضبوط بنانے کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے لبنان میں صدارتی انتخابات پر بھی زور دیا۔
اس کے علاوہ ولی عہد اور فرانسیسی صدر نے سعودی عرب کی حکومت اور فرانسیسی جمہوریہ کی حکومت کے درمیان سٹریٹجک پارٹنرشپ کونسل کی تشکیل کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔ یاداشت پر سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے جب کہ فرانس کی جانب سے یورپ اور خارجہ امور کے وزیر جین نول بیروٹ نے دستخط کیے۔