اسلام آباد: ( پبلک نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ شہباز شریف کا آرمی چیف کی تعیناتی یا ایکسٹینشن بارے بیان ان کی سیاسی بوکھلاہٹ کو واضح کر رہا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے لکھا کہ جس کا فیصلہ سال کے آخر میں ہونا ہے، اس ایشو کو اپنی گندی سیاست میں استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اپوزیشن لیڈر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شہباز صاحب آپ نے کیا فیصلہ کرنا ہے، اس وقت تک تو آپ جیل میں ہوں گے۔ شہباز نواز ایک سکے کے دو رخ ہیں۔ https://twitter.com/SHABAZGIL/status/1505021743357841409?s=20&t=CAlTvenphvriFDIa4pBHZg اس سے قبل گذشتہ روز اپنے بیان میں ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ سندھ ہائوس میں نوٹوں سے ضمیر خریدے جا رہے ہیں۔ جو آگ اپوزیشن نے لگائی ہے عوام اس پر ردعمل دیں گے۔ ہم پرامن احتجاج کریں گے، قانون کسی صورت ہاتھ میں نہیں لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ درست ہے کہ سندھ ہائوس کے گیٹ کو نہیں توڑنا چاہیے تھا۔ لیکن 2018 میں جب راجہ ریاض کو ٹکٹ دیا جا رہا تھا تو میں وہاں پر موجود تھا۔ انہوں نے ٹکٹ کیلئے وزیراعظم کے پائوں نہیں پکڑے تھے، باقی سب کچھ کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے 15 سے 20 کروڑ میں بک رہے ہیں۔ عمران خان نے ایسا کیا کیا کہ ضمیر خریدے جا رہے ہیں۔ رمیش کمار جو حرکتیں کر رہا ہے اس پر کوئی بات نہیں کر رہا۔ شہباز گل نے کارکنوں کو ہدایت کہ فیصل آباد اور پشاور سمیت کارکن جہاں بھی احتجاج کریں، قانون ہاتھ میں نہ لیں۔ پوری قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔ فوج قابل احترام ادارہ اور عدلیہ کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس جلد بلایا جائے گا، ہم بھی اراکین کی خرید و فروخت کر سکتے ہیں لیکن ایسا نہیں کریں گے، سندھ حکومت کے وسائل کے ذریعے اراکین کی خرید و فروخت کی جا رہی ہے، یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کی ویڈیو سامنے آئی لیکن ابھی تک اس پر کارروائی نہیں ہوئی، کوئی غیر پارلیمانی اور غیر قانونی کام نہیں کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کسی جماعت کے سیاسی کارکن کے خلاف احتجاج کے دوران دہشت گردی کا مقدمہ درج نہیں ہونا چاہئے لیکن احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ نہیں ہونی چاہئے، کارکنوں کے خلاف مقدمات کی صورت میں قانونی طریقہ کار پر عمل کریں گے۔