جاوید میانداد پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بن گئے

جاوید میانداد پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بن گئے
کراچی : چیف ایگزیکٹو پی سی بی فیصل حسنین نےجاوید میانداد کواعزازی ٹوپی اور پلاک پیش کی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سابق کپتان جاوید میانداد باضابطہ طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) ہال آف فیم کا حصہ بن گئے ہیں ۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی فیصل حسنین نےجاوید میانداد کواعزازی ٹوپی اور پلاک پیش کی۔ اس موقع پر جاوید میانداد نے کہا کہ پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بننا اعزاز کی بات ہے۔ ٹیم اورملک کی کامیابی میں اپنا حصہ ڈالنے کی ہر ممکن کوشش کیا کرتا تھا، کیریئر کی ہر اچھی اننگز کو ماضی میں چھوڑ کر مستقبل پر نظر جمایا کرتاتھا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل وسیم اکرم ،فضل محمود اور ظہیر عباس بھی پی سی بی ہال آف فیم کا باضابطہ حصہ بن چکے ہیں۔ 64 سالہ جاوید میاندادنے 1975-1996 تک پاکستان کی نمائندگی کی، جاوید میانداد نے 357 انٹرنیشنل میچز میں 31 سنچریوں کی مدد سے 16213 رنز بنائے،ڈومیسٹک کیرئیر میں میانداد نے80 سنچریاں اسکور کیں ہیں ، جاوید میانداد نے ڈومیسٹک کرکٹ میں 139 نصف سنچریوں بنائیں،ڈومیسٹک کرکٹ میں جاوید میانداد نے 28,663 رنز اسکور کیے تھے۔ جاوید میانداد نے 1975 کا ورلڈ کپ 18 سال کی عمر میں کھیلا تھا،عمران خان کی قیادت میں آسٹریلیا میں 1992 کا ورلڈکپ جیتا اور جاوید میانداد نے پانچ ورلڈکپ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔