لاہور( پبلک نیوز)قریہ قریہ درود و سلام کی صدائیں، فضائیں نام محمد ﷺ سے مہک اٹھیں،آقائے دو جہاں کی ولادت باسعادت،ملک بھر میں عید میلادالنبی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے،نبی آخرالزماں سے محبت کے اظہار کے لئے محافل کا انعقاد کیا جا رہا ہے،گلیوں،بازاروں،گھروں اور مساجد سمیت سرکاری و نجی عمارتوں کو خوبصورتی سے سجادیا گیا.
عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے وفاقی دارلحکومت میں دن کا آغاز 31 توپوں کی سلامی سے ہوا،صوبائی دارلحکومتوں میں 21-21 توپوں کی سلامی دی گئی، مساجدمیں ملکی سلامتی،ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں.
صدرعارف علوی کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ حضورﷺ سےمحبت ہرمسلمان کے ایمان کاحصہ ہے،آپؐ کی اطاعت وفرمانبرداری دونوں جہانوں میں کامیابی کی کنجی ہے. وزیراعظم عمران خان نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ موجودہ انتشار،نفاق اورناانصافی کاواحدحل سیرت طیبہؐ پر عمل میں ہے، ہم اپنے نبی ﷺکی ولادت کے پرمسرت موقع پر عید میلاد النبی ﷺ جوش و خروش سے منائیں گے. انہوں نے کہا صبح صدر مملکت تقریب کی میزبانی کریں گے،میں دوپہر کو کنونشن سنٹرمیں مبارک دن کی خوشی میں شریک ہوں گا.