جیکی شروف کا بیٹے پر فائرنگ کے واقعے کے بعد اہم بیان

جیکی شروف کا بیٹے پر فائرنگ کے واقعے کے بعد اہم بیان
کیپشن: جیکی شروف کا بیٹے پر فائرنگ کے واقعے کے بعد اہم بیان

ویب ڈیسک: بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر ممبئی کے علاقے جوہو میں فائرنگ کے واقعے کے بعد ان کے والد اور معروف اداکار جیکی شروف کی ٹیم نے تصدیق کی ہے کہ ٹائیگر محفوظ ہیں۔ فائرنگ سے ان کا ڈرائیور اور ایک رکشہ ڈرائیور زخمی ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ اتوار 18 اکتوبر کی شام پیش آیا، جب موٹر سائیکل سوار تین نامعلوم مسلح افراد نے ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔ ٹائیگر اس وقت فٹ بال سیشن کے بعد واپس جارہے تھے۔

رپورٹس کے مطابق ٹائیگر شروف نے خود گاڑی چلا کر اپنے زخمی ڈرائیور کو اسپتال پہنچایا، جبکہ دوسرے زخمی کو بھی طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

واقعے کے بعد مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے شروف خاندان سے ملاقات کی اور انہیں سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

ممبئی پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے حملہ آوروں کا سراغ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر لارنس بشنوئی گینگ سے منسوب ایک پوسٹ میں حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے اور سلمان خان کے ساتھ کام کرنے والے افراد کو دھمکیاں بھی دی گئی ہیں۔ تاہم، پولیس نے اس دعوے کی آزادانہ تصدیق نہیں کی اور واقعے کے محرکات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

جیکی شروف کی جانب سے تاحال اس واقعے پر کوئی تفصیلی عوامی بیان سامنے نہیں آیا۔

Watch Live Public News